ایف بی آر: ’مالی سال 2020ء کے 99.4 فیصد ٹیکس اہداف کامیابی سے حاصل کیے گئے‘

مجموعی ٹیکس آمدن میں 5.4 فیصد، سیلز ٹیکس میں 9.4 فیصد اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 5.1 فیصد اضافہ ہوا تاہم کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں پیوستہ سال کے مقابلہ میں 9.4 فیصد کمی ہوئی، ایف بی آر کی مالی سال 2020ء کی کارگردگی رپورٹ جاری

808

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کہا ہے کہ گزشتہ مالی سال 2020ء کے دوران ٹیکسوں اور محصولات کے 99.4 فیصد اہداف کامیابی سے حاصل کئے تھے۔

ایف بی آر کی جانب سے مالی سال 2020ء کے حوالہ سے جاری کردہ کارگردگی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 2020ء کیلئے حکومت نے ابتدائی طور پر 5,503 ارب روپے کا ٹیکس ہدف مقرر کیا جو نظرثانی کے بعد 4,017.4 ارب روپے مقرر کر دیا گیا۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال میں 3,996.7 ارب روپے کا مجموعی ریونیو اکھٹا کیا جو کل ہدف کا 99.4 فیصد بنتا ہے۔ براہ راست ٹیکسوں کا نظرثانی شدہ ہدف 1,523.2 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا جبکہ 1,523.1 ارب روپے اکھٹا کرکے براہ راست ٹیکسوں کا 99.9 فیصد ہدف حاصل کیا گیا۔

اسی طرح سیلز ٹیکس کی مد میں گزشتہ مالی سال کیلئے 1,599.2 ارب روپے کے ہدف کے مقابلہ میں 1,596.8 ارب روپے کا ریونیو اکھٹا کیا گیا اور سیلز ٹیکس وصولی کی شرح 99.8 فیصد رہی۔

یہ بھی پڑھیے:

آئندہ مالی سال کے لیے ایف بی آر کا ٹیکس ہدف 5859 ارب روپے مقرر

پنجاب ریونیو اتھارٹی نے 125 ارب کا سالانہ ٹیکس ہدف 11 ماہ میں ہی مکمل کر لیا

سندھ: 11 ماہ میں ٹیکس محصولات 19 فیصد اضافے سے 108 ارب سے متجاوز

ایف بی آر: 11 ماہ میں ٹیکس محصولات میں 18 فیصد اضافہ، 4170 ارب روپے جمع

رپورٹ کے مطابق فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 261.5 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا اور اس مد میں گزشتہ مالی سال کے دوران وصولیوں کا حجم  250.4 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جس کی شرح 95.7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں محصولات کا نظرثانی شدہ ہدف 633.5 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا، اس مد میں 626.4 ارب روپے کی وصولی ہوئی جس کی شرح 98.8 فیصد بنتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پیوستہ سال یعنی مالی سال 2019 کے مقابلہ میں مجموعی ٹیکس آمدن میں 5.4 فیصد، سیلز ٹیکس کی مد میں 9.4 فیصد اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 5.1 فیصد کا اضافہ ہوا۔ تاہم کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں پیوستہ سال کے مقابلہ میں 9.4 فیصد کمی ہوئی۔

گزشتہ مالی سال 2020ء میں ری فنڈز اور ری بیٹ کی مد میں 17 ارب 34 کروڑ 99 لاکھ روپے کی ادائیگی کی گئی جو پیوستہ سال 2019ء کے مقابلہ میں 42.6 فیصد زائد ہے۔ سیلزٹیکس ری فنڈز اور ری بیٹ کی مد میں گزشتہ مالی سال میں 337.6 فیصد کی نمایاں بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here