پنجاب: 7 ترقیاتی منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شروع کرنے کی منظوری

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پالیسی اور مانیٹرنگ بورڈ کے اہم اجلاس میں مختلف شہروں کیلئے 75 ارب روپے لاگت کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی

845

لاہور: پنجاب حکومت نے سات ترقیاتی منصوبوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شروع کرنے کی منظوری دے دی۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پالیسی اور مانیٹرنگ بورڈ کا اہم اجلاس وزیراعلیٰ آفس میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت پنجاب میں جاری منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور تقریباََ 75 ارب روپے لاگت کے سات منصوبوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔

پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کھاریاں ڈنگہ روڈ کی بحالی اور تعمیرو مرمت کی جائے گی، مریدکے نارووال روڈ کی بحالی کی جائے گی اور گوجرانوالہ پسرور روڈ کو گوجرانوالہ ایسٹرن بائی پاس سے سیالکوٹ لاہور موٹر وے (پسرور انٹرچینج) تک دو رویہ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے:

پنجاب کا ویکسین خریدنے کا فیصلہ، ایک ارب 50 کروڑ روپے مختص

پنجاب حکومت کا ورلڈ بینک سے 50 کروڑ ڈالر قرض لینے کا فیصلہ

پنجاب میں آبیانہ کا 100 سالہ نظام ختم، ای بلنگ سسٹم متعارف

جیل روڈ لاہور پر واقع بورڈ آف ریونیو کی اراضی کا استعمال بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کیا جائے گا، ملتان رنگ روڈ منصوبہ اور فیصل آباد میں نیا پاکستان ہاﺅسنگ ڈویلپمنٹ پلان کو بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت شروع کیا جائے گا۔

اجلاس میں راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کے بڈنگ پراسس اور آر ایف پی کو منسوخ کرنے اور ملتان وہاڑی دو رویہ سڑک کی تعمیر کیلئے نظرثانی شدہ تجاویز کی منظوری دی گئی۔

گجرات جلال پور جٹاں روڈ منصوبے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ موڈ سے نکالنے کی منظوری دی گئی اور اس منصوبے کو  وفاقی حکومت کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔

اس کے علاوہ اجلاس میں فیصل آباد چنیوٹ سرگودھا دو رویہ سڑک منصوبے کیلئے تجاویز، لاہور میں واٹر میٹرز کی تنصیب اور راولپنڈی میں تین پارکنگ پلازے تعمیر کرنے کی منظوری دی گئی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے گا، انہوں نے تمام منصوبوں کیلئے ٹائم لائن مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبے کے ہر مرحلے کے حوالے سے ٹائم لائن مقرر کی جائے-

اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پالیسی اینڈ مانیٹرنگ بورڈ کے 6ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ سیکرٹری پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پالیسی اینڈ مانیٹرنگ بورڈ ڈاکٹر فرخ نوید نے منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔

صوبائی وزراء میاں محمود الرشید، سردار آصف نکئی، مشیر اقتصادی امور ڈاکٹر سلمان شاہ، معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو و دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here