’نئی ٹیکسٹائل پالیسی سے ملک میں 100 نئی صنعتیں قائم ہونے کی توقع‘

نئی صنعتوں کے قیام سے ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں 20 ارب ڈالر سالانہ کا اضافہ ہو گا اور روزگار کے سینکڑوں نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی: چیئرمین اپٹما

2436

اسلام آباد: آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے مطابق نئی ٹیکسٹائل پالیسی سے پاکستان میں ٹیکسٹائل کی 100 نئی صنعتیں قائم ہونے کی توقع ہے، نئی صنعتوں کے قیام سے اس شعبہ کی برآمدات میں 20 ارب ڈالر سالانہ کا اضافہ ہو گا۔

اپٹما کے چیئرمین عبدالرحیم ناصر نے کہا ہے کہ ٹیکسٹائل کے شعبہ میں نئی سرمایہ کاری سے برآمدات میں اضافہ کے ساتھ ساتھ روزگار کے سینکڑوں نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران ٹیکسٹائل کے شعبہ کی برآمدات میں 23 فیصد اضافہ ہوا ہے اور برآمدات کا حجم ساڑھے 12 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 15 ارب 40 کروڑ ڈالر تک بڑھا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: 

دو ماہ میں پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں 28.67 فیصد اضافہ ریکارڈ

نان ٹیکسٹائل برآمدات 11.7 فیصد اضافے سے 9 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں

’مجموعی قومی برآمدات میں ٹیکسٹائل کی 25 مقامی کمپنیوں کا حصہ 21 فیصد رہا‘

ٹیکسٹائل اور لیدر کے 211 ریٹیل برانڈز ایف بی آر کے پوائنٹ آف سیل سسٹم کیساتھ منسلک

واضح رہے کہ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ (جولائی اور اگست) کے دوران ٹیکسٹائل مشینری کی درآمد میں 160.5 فیصد کا نمایاں دیکھا گیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری میں جدت اور توسیع کا عمل تیز ہو چکا ہے اور یہ صنعت اپنے پیروں پر کھڑی ہو چکی ہے۔

جولائی اور  اگست 2021ء کے دوران ٹیکسٹائل سیکٹر کی مجموعی برآمدات کا حجم دو ارب 93 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو جولائی اگست 2020ء میں دو ارب 28 کروڑ ڈالر تھا۔

یاد رہے کہ گزشہ مالی سال 2020-21ء کے دوران کورونا وبا کے باوجود پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر نے نمایاں نمو ظاہر کی اور ٹیکسٹائل برآمدات کا حجم 15 ارب 40 کروڑ ڈالر تک بڑھ گیا۔

اس سے قبل دسمبر 2020ء میں وفاقی حکومت نے آئندہ پانچ سالوں کے دوران ٹیکسٹائل اور اپیرل ایکسپورٹس کے لیے 20.86 ارب ڈالر برآمدات کا ہدف مقرر کیا تھا۔

وزارتِ تجارت کے مالی سال 2020-21ء کے لیے ٹیکسٹائل برآمدات کا ہدف 13.6 ارب ڈالر مقرر کیا گیا تھا تاہم مالی سال کے اختتام پر ٹیکسٹائل اور اپیرل برآمدات کا مجموعی حجم 15 ارب 40 کروڑ ڈالر تک بڑھ گیا۔

وفاقی حکومت نے مالی سال 2021-2022 کے لیے 14.7 ارب ڈالر، 2022-2023 کے لیے 16.3 ارب ڈالر، 2023-2024 کے لیے 18.3 ارب ڈالر اور 2024-2025 کے لیے 20.8 ارب ڈالر کی ٹیکسٹائل مصنوعات برآمدات کرنے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here