اسلام آباد: پاکستان کی نان ٹیکسٹائل برآمدات میں گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے دوران 11.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2020 کے مقابلہ میں گزشتہ مالی سال 2021ء میں نان ٹیکسٹائل برآمدات کی مالیت 9 ارب 90 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی۔
گزشتہ مالی سال میں کووڈ۔19 کے باعث لاک ڈاﺅن کے باوجود چمڑے کے ملبوسات ، آلات جراحی اور انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
ٹیکسٹائل برآمدات 23 فیصد اضافے سے 15 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں
ملکی تاریخ میں پہلی بار آئی ٹی برآمدات 2 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں
’مجموعی قومی برآمدات میں ٹیکسٹائل کی 25 مقامی کمپنیوں کا حصہ 21 فیصد رہا‘
پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2020ء کے مقابلہ میں مالی سال 2021ء کے دوران چمڑے کے ملبوسات کی برآمدات میں 14.02 فیصد جبکہ چمڑے کے دستانوں کی برآمد میں 22.26 فیصد اضافہ ہوا۔
اسی طرح گزشتہ مالی سال میں آلات جراحی کی برآمدات میں 20.36 فیصد اور ادویہ سازی کی صنعت کی مصنوعات کی برآمدات میں 28.46 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مزید برآں جفت سازی کی صنعت کی برآمدات میں بھی 4.72 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات میں 30.91 فیصد، بجلی کے پنکھوں کی برآمدات میں 37.60 فیصد اور سیمنٹ کی برآمدات میں 3.26 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجہ میں دوران سال نان ٹیکسٹائل مجموعی برآمدات 11.7 فیصد بڑھ گئیں۔