ٹیکسٹائل برآمدات 23 فیصد اضافے سے 15 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں

1006

اسلام آباد: پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے دوران 23 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

وفاقی ادارہ برائے شماریات پاکستان ( پی بی ایس) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال جولائی 2020ء سے لے کر جون 2021ء تک کی مدت میں ٹیکسٹائل گروپ کی برآمدات کا مجموعی حجم 15 ارب 40 کروڑ ڈالر تک بڑھ گیا۔

پی بی ایس کے مطابق پیوستہ مالی سال میں جولائی 2019ء سے جون 2020ء تک کی مدت میں ٹیکسٹائل سیکٹر نے مجموعی طور پر 12 ارب 52 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی برآمدات بیرون ملک بھیجیں۔

اس طرح پیوستہ مالی سال 2019-20ء کے مقابلہ میں گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے دوران ٹیکسٹائل گروپ کی برآمدات میں 2 ارب 87 کروڑ 40 لاکھ ڈالر یعنی 22.94 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

وفاقی ادارہ برائے شماریات کی رپورٹ کے مطابق جون 2020ء کے مقابلہ میں جون 2021ء کے دوران ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں 73.08 فیصد اضافہ ہوا۔

جون 2020ء کے دوران پاکستانی ٹیکسٹائل برآمدکنندگان نے 95 کروڑ 91 لاکھ 37 لاکھ ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا تاہم جون 2021ء کے دوران شعبہ کی برآمدات کی مالیت ایک ارب 66 کروڑ ڈالر تک بڑھ گئی۔

اس طرح جون 2020ء کے مقابلہ میں جون 2021ء کے دوران ٹیکسٹائل گروپ کی برآمدات میں 70 کروڑ 8 لاکھ ڈالر ڈالر یعنی 73.08 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ دسمبر 2020ء میں وفاقی حکومت نے آئندہ پانچ سالوں کے دوران ٹیکسٹائل اور اپیرل ایکسپورٹس کے لیے 20.86 ارب ڈالر برآمدات کا ہدف مقرر کیا تھا۔

وزارتِ تجارت کے مالی سال 2020-21ء کے لیے ٹیکسٹائل برآمدات کا ہدف 13.6 ارب ڈالر مقرر کیا گیا تھا تاہم مالی سال کے اختتام پر ٹیکسٹائل اور اپیرل برآمدات کا مجموعی حجم 15 ارب 40 کروڑ ڈالر تک بڑھ گیا۔

وفاقی حکومت نے مالی سال 2021-2022 کے لیے 14.7 ارب ڈالر، 2022-2023 کے لیے 16.3 ارب ڈالر، 2023-2024 کے لیے 18.3 ارب ڈالر اور 2024-2025 کے لیے 20.8 ارب ڈالر کی ٹیکسٹائل مصنوعات برآمدات کرنے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here