کراچی: وزیراعظم عمران خان نے کراچی شپ یارڈ میں شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفر سسٹم کا افتتاح کر دیا۔
اس سسٹم کی تنصیب سے بڑے بحری جہازوں اور ایک ہی وقت میں 12 جہازوں کی مرمت ممکن ہو سکے گی اور جہاز رانی کی صنعت کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفر سسٹم کی تنصیب سے جہاز رانی کی صنعت ترقی کرے گی اور معیشت کو فائدہ ہو گا۔
Prime Minister @ImranKhanPTI visited Karachi Shipyard and Engineering Works Limited earlier today. There, the PM Inaugurated Ship lift Transfer systems.
The PM was given a detailed briefing on the occasion.#APPNews #PMIKinKarachi #PMIK @AliHZaidiPTI pic.twitter.com/HuF9SaDFQA
— APP 🇵🇰 (@appcsocialmedia) August 10, 2021
وزیراعظم نے کہا کہ کراچی شپ یارڈ میں بحری جہازوں کی مرمت کے نظام کی ترقی اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے ملک کا پیسہ بچے گا، جو کام پہلے دوسرے ممالک سے کرانا پڑتا تھا اب وہ یہاں پر ہو گا، اس سے نہ صرف قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہو گی بلکہ ہم دوسرے ممالک کو بھی یہ سہولیات فراہم کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ بطور قوم ایک بار پھر اپنے پاﺅں پر کھڑے ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ معیشت بہتری کی طرف گامزن ہو چکی ہے، کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ کم سے کم ہو گیا ہے، اب چیلنج یہ ہے کہ جیسے جیسے معیشت بہتر ہو گی کرنٹ اکاﺅنٹ پر دباﺅ بڑھے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدات بڑھانے اور منی لانڈرنگ روکنے پر توجہ دے رہی ہے، انہوں نے بیرون ملک پاکستانیوں پرزور دیا کہ اپنی ترسیلات بینکنگ چینل سے بھیجیں۔