وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بجلی و پٹرولیم تابش گوہر عہدے سے مستعفی

1464

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بجلی و پٹرولیم تابش گوہر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

منگل کو اپنے ایک ٹویٹ میں تابش گوہر نے کہا کہ ’ایک سال کی عوامی خدمت کے بعد اپنے خاندان کے پاس واپس جانے کا فیصلہ کیا ہے، اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق اعزازی حیثیت میں ملک کی خدمت میری زندگی کا اعزاز ہے اور یہ موقع فراہم کرنے پر وزیراعظم عمران خان کا احسان مند ہوں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’توانائی کے شعبہ میں بے شمار مسائل ہیں، مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ حماد اظہر کی قابل قیادت میں وزارت توانائی کی ٹیم ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے سلسلے کو جاری رکھے گی، اللہ تعالیٰ پاکستان کو سلامت رکھے۔‘

دوسری جانب کابینہ ڈویژن سے جاری کردہ ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 20 ستمبر کو تابش گوہر کا استعفیٰ منظور کر لیا تھا۔

اس سے قبل 31 اگست کو میڈیا میں تابش گوہر کے ممکنہ استعفیٰ کی خبریں آئیں تھیں اور کہا جا رہا تھا ہسکول پٹرولیم کے سابق سی ای او وحید احمد شیخ کو وزیراعظم کا معاون خصوصی برائے پٹرولیم تعینات کیا جا رہا ہے۔

تابش گوہر کے الیکٹرک کے سابق چیئرمین رہ چکے ہیں، یکم اکتوبر 2020ء کو انہیں وزیراعظم کا معاون خصوصی برائے بجلی و پٹرولیم مقرر کیا گیا تھا، انہوں نے 7 جنوری 2021ء کو بھی وٹس ایپ کے ذریعے اپنا استعفیٰ وزیراعظم کو یہ کہتے ہوئے ارسال کیا تھا کہ آئی پی پیز کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں ان کی مشکل پوزیشن کی بناء پر وہ کام جاری نہیں رکھ سکتے، تاہم استعفیٰ قبول نہیں کیا گیا تھا۔

ادھر تابش گوہر کے مستعفی ہونے پر وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاور ڈویژن نے تابش گوہر کی تجاویز اور تجربے سے بہت فائدہ اٹھایا، خوشی ہے کہ ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ہے۔

ایک ٹویٹ میں حماد اظہر نے کہا کہ تابش گوہر ملک کی خاطر اپنے خاندان سے ایک سال دور رہے ، پاور سیکٹر کی بہتری کے لئے خدمات فراہم کرنے پر ان کے شکرگزار  اور مستقبل میں ان کی کامیابی کے لئے دعاگو ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here