اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ کوریا اور چین کے سرمایہ کاروں نے پاکستان سٹیل ملز میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
وزارت نجکاری کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کے حوالے سے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو کی زیرصدارت روڈ شوز جاری ہیں۔
وزارت نجکاری کی کاوشوں سے جاری سٹیل ملز بحالی کے لئے بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے میٹنگز کا سلسلہ پانچویں روز بھی جاری رہا۔ جمعہ کو اس حوا لے سے منعقدہ اجلاس میں وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو، سیکرٹری نجکاری، وزارت کے دیگر اعلی حکام، قانونی اور سٹیل ملز کے مالیاتی مشیروں نے بھی شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیے:
سٹیل ملز کی بحالی کیلئے سرمایہ کاروں کے پری کوالیفائیڈ کاغذات کی منظوری
پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کیلئے سرمایہ کاروں سے درخواستیں طلب
سروسز انٹرنیشنل ہوٹل کی نیلامی، حکومت کو 1.96 ارب روپے موصول
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا کہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا سٹیل ملز میں سرمایہ کاری میں اظہار دلچسپی نہایت حوصلہ افزا ہے، آج کوریا اور چین کے سرمایہ کاروں نے اجلاس میں شرکت کی اور سٹیل ملز میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
محمد میاں سومرو نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کے حوالہ سے پیش رفت سے آگاہ ہیں اور اس کا جائزہ لے رہے ہیں، دنیا کے بہترین سرمایہ کاروں پر مشتمل کنسورشیم ہی پری کوالی فکیشن مرحلہ میں داخل ہوں گے۔
وزیر برائے نجکاری نے مزید کہا کہ پاکستان سٹیل ملز روڈ شوز 23 ستمبر تک متوقع ہیں اور وزارت نجکاری روزانہ کی بنیاد پر سرمایہ کاروں کے ساتھ اجلاس کر رہی ہے، سٹیل ملز کی بحالی ملکی معیشت کے لئے ایک نہایت اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔
اس سے قبل 28 اگست کو نجکاری بورڈ نے پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کیلئے سرمایہ کاروں کے پری کوالیفائیڈ کاغذات کی منظوری دی تھی۔
اس کے بعد 31 اگست کو وزارت نجکاری کی جانب سے پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کیلئے اظہار دلچسپی کا اشتہار شائع کیا گیا جس میں سرمایہ کاروں کے لیے ایکسپریشن آف انٹرسٹ (EOI) جمع کروانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر 2021ء مقرر کی گئی۔