سروسز انٹرنیشنل ہوٹل کی نیلامی، حکومت کو 1.96 ارب روپے موصول  

فرسٹ ویمن بینک اور ہائوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کے بورڈز جلد مکمل کرنے کی ہدایت، نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی اور ایس ایم ای بینک کی قسمت کا فیصلہ کرنے کیلئے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس اگلے ہفتے متوقع ہے

507

اسلام آباد: کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کو بتایا گیا ہے کہ سروسز انٹرنیشنل ہوٹل لاہور کی نیلامی کے بعد تقریباََ 1.96 ارب روپے موصول ہو گئے ہیں۔

جمعہ کو کابینہ کمیٹی برائے نجکاری (سی سی او پی) کا وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر نجکاری محمد میاں سومرو، وفاقی سیکرٹریز، چیئرمین ایس ای سی پی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ مشیر تجارت عبدالرزاق دائود ورچوئلی شریک ہوئے۔

کمیٹی نے نجکاری کمیشن بورڈ کی جانب سے پیش کی گئی سمری کی منظوری دیتے ہوئے سروسز انٹرنیشنل ہوٹل لاہور کی ایک ارب 95 کروڑ 10 لاکھ روپے میں نیلامی کی توثیق کر دی۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کیلئے سرمایہ کاروں سے درخواستیں طلب

کمیٹی کو بتایا گیا کہ سروسز انٹرنیشنل ہوٹل کی نجکاری کے بعد تقریباََ 1.96 ارب روپے موصول ہو گئے، سیکرٹری نجکاری کمیشن بورڈ نے شرکاء کو متعلقہ ٹائم لائن کے ساتھ اداروں کی نجکاری یا تنظیم نو کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں پیشرفت سے آگاہ کیا۔

کمیٹی نے نجکاری کمیشن کی کاوشوں کو سراہا اور متعلقہ اداروں کو فرسٹ ویمن بینک اور ہائوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کے بورڈز کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

کابینہ کمیٹی نے نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی کی نجکاری کے مسائل کے حل کیلئے بھی مختلف محکموں کو احکامات جاری کئے اور نجکاری پروگرام کی بروقت تکمیل کیلئے تمام متعلقہ وزارتوں کو ضروری اقدامات جلد اٹھانے کی ہدایت کی۔

نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی اور ایس ایم ای بینک کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس اگلے ہفتے متوقع ہے، کابینہ کمیٹی نے امید ظاہر کی کہ نئے قوانین حکومتی املاک پر قبضہ واگزار کروانے میں معاون ثابت ہوں گے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ نجکاری کے پورے عمل کو مناسب تندہی کے ساتھ تیز کیا جائے تاکہ سرکاری شعبے میں کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے، حکومت اصلاحاتی ایجنڈے کے لئے پرعزم ہے جو کہ سرکاری ملکیت کے کاروباری اداروں کو ان کے منافع بخش اور پائیدار بنانے کے کاموں کو بہتر بنانے پر مرکوز ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here