چائنا آسیان ایکسپو میں پاکستانی پویلین کا افتتاح، سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کا سنہری موقع

اس تجارتی نمائش میں شرکت پاکستان کو 18 کھرب ڈالر کی مجموعی قومی آمدن رکھنے والے 2 ارب آبادی کے حامل ممالک کے ساتھ تجارت بڑھانے میں مدد دے گی، پاکستانی سفیر معین الحق

961

بیجنگ: چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے چین اور دیگر آسیان ممالک میں پاکستانی مصنوعات کو فروغ دینے کے لیے چائنا سنگاپور نیننگ انٹرنیشنل لاجسٹک پارک میں قائم پاکستانی پویلین کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔

تختی کی نقاب کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ پویلین چین اور دیگر آسیان ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دوسری بار چین آسیان ایکسپو میں بطور خصوصی شراکت دار حصہ لے رہا ہے جو اعزاز کی بات ہے۔ دونوں ممالک رواں سال سفارتی تعلقات کے قیام کی 70ویں سالگرہ بھی منا رہے اور باہمی تعلقات و دوستی کو مزید فروغ دینے کے لیے مختلف تقریبات کا اہتمام کر رہے ہیں۔

جمعہ کو شروع ہونے والے چین آسیان ایکسپو کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس کی بہت اہمیت ہے کیونکہ یہ چین میں تین بڑی تجارتی نمائشوں میں سے ایک ہے،ہم مقامی تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے مدعو کرنے کے لیے ہفتے کے روز بہت اہم تجارتی اور سرمایہ کاری سیمینار کا اہتمام کر رہے ہیں۔

پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ چین آسیان ایکسپو میں پاکستان کی شرکت بہت اہمیت رکھتی ہے، تقریباََ 20 پاکستانی تاجر ملکی مصنوعات کی نمائش کر رہے ہیں۔ ہم گوانگسی ژوانگ ریجن میں تاجروں کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے خودمختار علاقے گوانگسی کے نائب گورنر کے ساتھ طریقوں اور ذرائع پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم گوانگسی سے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دیں گے اور امید ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ لوگوں کے درمیان ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

معین الحق نے کہا کہ پاکستان کے آسیان ممالک کے ساتھ تاریخی، سیاسی، ثقافتی اور معاشی تعلقات ہیں، غیر معمولی چین آسیان ایکسپو میں شرکت پاکستان کو ان ممالک کے ساتھ تجارت بڑھانے میں مدد دے گی جن کی مجموعی آبادی تقریباََ 2 ارب آبادی اور مجموعی قومی آمدنی 18 کھرب ڈالر ہے۔

پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ چین آسیان فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے ساتھ ایکسپو پاکستانی تاجروں کو بڑے مواقع فراہم کرتی ہے اور امید ہے کہ اس ایکسپو میں پاکستان کی شرکت پاکستان، چین اور آسیان ممالک کے مابین سہ جہتی تعاون کے فروغ کا سبب بنے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here