پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کیلئے سرمایہ کاروں سے درخواستیں طلب

961

اسلام آباد: نجکاری کمیشن نے پاکستان سٹیل ملز (پی ایس ایم) کی بحالی کے لیے سرمایہ کاروں سے درخواستیں طلب کر لیں۔

وزارت نجکاری کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کیلئے اظہار دلچسپی کا اشتہار شائع کیا گیا ہے جس میں سرمایہ کاروں کے لیے ایکسپریشن آف انٹرسٹ (EOI) جمع کروانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر 2021ء مقرر کی گئی ہے۔

نجکاری کمیشن وزیر اعظم پاکستان کی ہدایات اور وفاقی کابینہ کے فیصلوں کے مطابق سٹیل ملز بحالی کے منصوبے پر کام کر رہا ہے اور سٹیل ملز کی بحالی کیلئے قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو دعوت دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ نجکاری بورڈ نے 28 اگست کے اجلاس میں سٹیل مل کی بحالی کیلئے سرمایہ کاروں کے پری کوالیفائیڈ کاغذات کی منظوری دی تھی۔

اس سے قبل 26 اگست کو نجکاری کمیشن نے لاہور کے سروسز انٹرنیشنل ہوٹل ایک ارب 95 کروڑ 10 لاکھ روپے میں نیلام کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ایک اخباری رپورٹ کے مطابق حکومت نے بولی کی کم از کم قیمت ایک ارب 94 کروڑ 90 لاکھ روپے مقرر کی تھی اور صرف چند لاکھ روپوں کے فرق سے نیلامی کرنے پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

اس حوالے سے سرکاری بیان میں کہا گیا تھا کہ سروسز انٹرنیشنل ہوٹل کی نیلامی کے عمل میں صرف دو بولی دہندگان نے حصہ لیا اور لاہور کے معروف ریئل اسٹیٹ ڈیولپر فیصل ٹاؤن پرائیوٹ لمیٹڈ بولی کے عمل میں کامیاب رہے۔

سروسز انٹرنیشنل ہوٹل لاہور  کی مال روڈ پر واقع ہے اور اس کی کمرشل پراپرٹی 15 کنال تین مرلہ پر مشتمل ہے،   یہ جائیداد لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کی جانب سے کمرشل طور پر منظور شدہ ہے جہاں ہر طرح کی تعمیرات کی جا سکتی ہیں۔

سروسز انٹرنیشنل ہوٹل کی کامیاب بولی لگانے والی پارٹی کو قانون کے مطابق 30 فیصد ادائیگی بولی قبول کرنے کا لیٹر جاری ہونے کے 20 روز کے اندر ادا کرنا ہو گی اور بقیہ 70 فیصد رقم لیٹر جاری ہونے کے 60 روز کے اندر ادا کرنا ہو گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here