سٹیل ملز کی بحالی کیلئے سرمایہ کاروں کے پری کوالیفائیڈ کاغذات کی منظوری

236

اسلام آباد: نجکاری بورڈ نے پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کیلئے سرمایہ کاروں کے پری کوالیفائیڈ کاغذات کی منظوری دے دی۔

وزارت نجکاری کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نجکاری بورڈ کا اہم اجلاس وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوا جس میں بورڈ ممبران، وفاقی سیکرٹری، فنانشل ایڈوائزر اور وزارت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کا بنیادی ایجنڈا پاکستان سٹیل ملز کارپوریشن کی بحالی کیلئے سرمایہ کاروں کے پری کوالیفکیشن معیار کی دستاویزات کی منظوری تھا جس کو بورڈ نے منظور کر لیا۔

واضح رہے کہ اب سٹیل ملز کی بحالی کیلئے ایکسپریشن آف انٹرسٹ پاکستان سٹیل ملز کی طرف سے ایس ای سی پی میں سکیم آف ارینجمنٹ جمع کروانے کے فوری بعد شائع کر دئیے جائیں گے۔

نجکاری بورڈ نے سروسز انٹرنیشنل ہوٹل کی گزشتہ روز لاہور میں ہونے والی کامیاب بولی حتمی منظوری کیلئے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری اور وفاقی کابینہ کو بھیجنے کی بھی سفارش کر دی۔

وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد کامیاب بولی دہندہ کو منظوری کا خط جاری کیا جائے گا، بورڈ نے سروسز انٹرنیشنل ہوٹل کی کامیاب ٹرانزیکشن پر وفاقی وزیر اور نجکاری کمیشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وبا کی مشکلات کے باوجود شفاف نیلامی بہت بڑی کامیابی ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے صنعتی یونٹ کی بحالی پر پوری توجہ دی جا رہی ہے۔ پاکستان سٹیل ملز کی مکمل بحالی سے قومی معیشت بہتر ہو گی۔

یاد رہے کہ 26 اگست کو نجکاری کمیشن نے لاہور کے سروسز انٹرنیشنل ہوٹل ایک ارب 95 کروڑ 10 لاکھ روپے میں نیلام کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ایک اخباری رپورٹ کے مطابق حکومت نے بولی کی کم از کم قیمت ایک ارب 94 کروڑ 90 لاکھ روپے مقرر کی تھی اور صرف چند لاکھ روپوں کے فرق سے نیلامی کرنے پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

دوسری جانب سرکاری بیان میں کہا گیا کہ سروسز انٹرنیشنل ہوٹل کی نیلامی کے عمل میں صرف دو بولی دہندگان نے حصہ لیا اور لاہور کے معروف ریئل اسٹیٹ ڈیولپر فیصل ٹاؤن پرائیوٹ لمیٹڈ بولی کے عمل میں کامیاب رہے۔

سروسز انٹرنیشنل ہوٹل لاہور  کی مال روڈ پر واقع ہے اور اس کی کمرشل پراپرٹی 15 کنال تین مرلہ پر مشتمل ہے،   یہ جائیداد لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کی جانب سے کمرشل طور پر منظور شدہ ہے جہاں ہر طرح کی تعمیرات کی جا سکتی ہیں۔

سروسز انٹرنیشنل ہوٹل کی کامیاب بولی لگانے والی پارٹی کو قانون کے مطابق 30 فیصد ادائیگی بولی قبول کرنے کا لیٹر جاری ہونے کے 20 روز کے اندر ادا کرنا ہو گی اور بقیہ 70 فیصد رقم لیٹر جاری ہونے کے 60 روز کے اندر ادا کرنا ہو گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here