بجلی کی مجموعی پیداوار میں قابل تجدید ذرائع سے حاصل توانائی کا حصہ 7 فیصد تک بڑھنے کا امکان

متبادل ذرائع سے توانائی پیدا کرنے کے مختلف منصوبوں سے 2 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل، مزید 850 میگاواٹ ری نیو ایبل انرجی کے منصوبوں پر کام جاری

816
who is leading in renewable energy race?

اسلام آباد: پاکستان میں بجلی کی مجموعی پیداوار میں قابل تجدید ذرائع سے حاصل ہونے والی بجلی کا حصہ سات فیصد تک بڑھ جائے گا۔

ری نیوایبل انرجی ڈویلپمٹ بورڈ کے سربراہ شاہ جہاں مرزا کا کہنا ہے کہ اس وقت ہوا، سورج کی روشنی اور دیگر متبادل ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے مختلف منصوبوں سے 2 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ متبادل توانائی کے زیر تعمیر منصوبوں کی تکمیل سے بہت جلد مزید 850 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہو جائے گی جن میں سولر، پن بجلی اور ونڈ انرجی کے منصوبے شامل ہیں۔

شاہ جہاں مرزا نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے بجلی کی مجموعی قومی پیداوار میں متبادل ذرائع سے حاصل ہونے والی بجلی کا حصہ 7 فیصد تک بڑھ جاے گا۔

یہ بھی پڑھیے:

قابل تجدید توانائی کی پیداوار کیلئے وزارت توانائی اور جرمن ادارے کے درمیان معاہدہ

فیس بک کا اپنے ڈیٹا سینٹرز کیلئے بھارتی کمپنی سے قابل تجدید توانائی خریدنے کا معاہدہ

دنیا قابل تجدید توانائی کی جانب متوجہ، پاکستان میں کوئلے سے بجلی کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ

گزشتہ سال عالمی بینک کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ توانائی کے حصول کیلئے قابل تجدید ذرائع کے استعمال سے پاکستان کو اگلے 20 سالوں میں پانچ ارب ڈالر کی بچت ہو سکتی ہے۔

بینک نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ مالی وسائل کی یہ بچت ایندھن کی مد میں اخراجات میں کمی کی وجہ سے ہو گی، پاکستان کو شمسی اور ہوا سے بجلی بنانے کے منصوبوں پر کام تیز اور 2030ء تک توانائی کی مجموعی پیداوار میں ان ذرائع سے حاصل شدہ بجلی کا حصہ 30 فیصد تک لے جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت بارہا اس عزم کا اظہار کر چکی ہے کہ 2025ء تک ملک کے انرجی مکس میں قابل تجدید توانائی کا حصہ 20 فیصد اور 2030ء تک 30 فیصد تک بڑھایا جائے گا اور پن بجلی کی پیداوار میں 30 سے 40 فیصد کا اضافہ ہو گا۔

کئی بین الاقوامی کمپنیاں بھی پاکستان میں قابل تجدید ذرائع سے بجلی پیدا کرنے میں دلچسپی کا اظہار کر چکی ہیں، حال ہی میں اس حوالے سے وزارت توانائی اور ایک جرمن ادارے جی آئی زیڈ کے درمیان معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت جی آئی زیڈ پاکستان میں قابل تجدید توانائی کی استعداد بڑھانے کیلئے کے منصوبے کا آغاز کرے گا جس پر 81 لاکھ یورو (ایک ارب 51 کروڑ 34 لاکھ روپے) لاگت آئے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here