اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی 18 پروازوں کے ذریعے بیرون ملک مقیم چھ ہزار 132 پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لئے آج (سوموار) 5 جولائی سے فلائیٹ آپریشن شروع ہو گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے دل کے قریب ہیں اور انہوں نے ایوی ایشن ڈویژن کو ہدایت کی تھی کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کے دکھوں کا ادراک کرتے ہوئے ان کی وطن واپسی کے لئے فوری انتظامات کرے۔
انہوں نے بتایا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے پروازوں کی منسوخی پر اور بعد ازاں اضافی پروازوں کی بکنگ پر اتحاد ایئر ویز، ترکش ایئرلائن، امارات ایئر ویز اور قطر ایئر ویز سمیت دیگر ایئر لائنز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے ہیں اور وضاحت طلب کی ہے، اس کے علاوہ ان پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے:
نجی ائیرلائنز کا انکار، پی آئی اے اوورسیز پاکستانیوں کو عید سے قبل واپس لائے گی
پروازوں کی اچانک منسوخی پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کا 5 انٹرنیشل ایئرلائنز کو نوٹس
خلیجی ممالک سے پاکستانیوں کی واپسی، پی آئی اے کا ائیربس کی بجائے بوئنگ 777 استعمال کرنے کا فیصلہ
غلام سرور خان نے بتایا کہ پی آئی اے نے فلائٹ آپریشن کے لئے خصوصی طور پر چار بوئنگ 777 طیارے مختص کئے ہیں۔ خلیجی ریاستوں میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو چار دن کے اندر بہترین انداز میں باعزت طریقے سے واپس لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دبئی، دوحہ، شارجہ اور بحرین سے 6132 پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لئے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پی آئی اے 18 خصوصی پروازوں کا آپریشن شروع کر رہی ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے لئے فلائٹ آپریشن آج سے شروع ہو گا اور 10 پروازوں کے ذریعے 3394 مسافروں کو وطن واپس لایا جائے گا۔
اسی طرح 6 تا 18 جولائی کے دوران دوحہ سے 2016 مسافروں کو وطن واپس لانے کے لئے 6 پروازوں کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ تقریباً 722 مسافروں کو 9 جولائی سے 11 جولائی کے دوران دو پروازوں کے ذریعے بحرین سے واپس لایا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ دو ہزار نشستیں عیدالاضحیٰ سے قبل بیرون ملک سے پاکستان آنے والوں کے لیے مختص کی گئی ہیں۔ پی آئی اے نے اپنے اے۔320 طیاروں کی اَپ گریڈیشن کے ذریعے یہ خصوصی انتظام کیا ہے جبکہ چار ڈی -777 طیارے اس مقصد کے لئے مخصوص کر دیئے گئے ہیں جو آپریشن کے لئے تیار ہیں۔ فلائٹس کیلئے بکنگ بھی شروع کر دی گئی ہے۔