اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ خلیجی ممالک میں موجودہ حالات کے پیش نظر پی آئی اے کی پروازوں کو ائیربس سے بوئنگ 777 پر اَپ گریڈ کیا جا رہا ہے-
ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اَپ گریڈیشن کے بعد عید سے قبل متحدہ عرب امارات سے 2 ہزار اور دوحہ، بحرین سمیت دیگر خلیجی ریاستوں سے 6 ہزار سے زائد مسافر پاکستان آ سکیں گے۔
وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان کی زیر صدارت خلیجی ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے معاملے پر خصوصی اجلاس منعقد ہوا-
ترجمان پی آئی اے کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں محکمہ ہوابازی کے اعلیٰ حکام اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر مارشل (ر) ارشد ملک نے بھی شرکتِ کی-
یہ بھی پڑھیے:
نجی ائیرلائنز کا انکار، پی آئی اے اوورسیز پاکستانیوں کو عید سے قبل واپس لائے گی
پروازوں کی اچانک منسوخی پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کا 5 انٹرنیشل ایئرلائنز کو نوٹس
اجلاس میں خصوصی پروازوں کے شیڈول، گنجائش اور دیگر انتظامات پر وفاقی وزیر کو بریفنگ دی گئی، وزیر ہوابازی اس آپریشن کو عید سے قبل مکمل کرنے کیلئے ذاتی نگرانی کریں گے۔
انہوں نے سربراہ پی آئی اے کو ہدایت کی کہ خلیجی ممالک سے پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے جتنے جہازوں کی ضرورت پڑے وہ لگا دیے جائیں، اس ضمن میں وزارت خارجہ کی مدد بھی حاصل کی جائے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی مشکلات کے پیش نظر پی آئی اے کی پروازوں میں خاطر خواہ اضافہ کر دیا گیا ہے۔
ایک ٹویٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو کچھ دنوں سے پاکستان آنے کیلئے پی آئی اے کی پروازوں کے شیڈول کے حوالے سے مشکلات کا سامنا تھا، وزیراعظم کی ہدایت پر وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے پی آئی اے اور ایوی ایشن حکام سے تفصیلی اجلاس کے بعد پروازوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ کچھ انٹرنیشل ایئر لائنز نے پاکستان کیلئے اچانک پروازیں منسوخ کر دی ہیں جس کی وجہ سے کئی ممالک میں وہ پاکستانی بے یارومددگار ہو کر رہ گئے ہیں جو عید سے قبل پاکستان آنے کیلئے ٹکٹ حاصل کر چکے تھے۔
پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پروازیں منسوخ کرنے پر قطر ایئرویز، ترکش ایئر لائن، امارات ایئر لائن، اتحاد ایئر ویز اور فلائی دبئی کو نوٹس جاری کر کے کہا ہے کہ 8 جولائی تک مسافروں کے مسائل حل کریں بصورت دیگر سخت تادیبی کاروائی کیلئے تیار رہیں۔ ائیرلائنز کو مسافروں کو ٹکٹوں کی رقوم واپس کرنے اور نقصانات کا ازالہ معاوضے کی صورت یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
جمعہ کو بین الاقوامی ائیرلائنز کے انکار کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) نے خلیجی ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو عیدِ قربان سے قبل پاکستان لانے کیلئے خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کیا تھا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی فضائی کمپنی نے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لئے انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور دوحہ سے پاکستان کیلئے چار بوئنگ 777 پروازیں مقرر کی گئی ہیں جبکہ طلب کو دیکھتے ہوئے مزید دو پروازیں بھی مقرر کی جائیں گی۔