اسلام آباد: پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کچھ انٹرنیشل ایئر لائنز کی جانب سے پاکستان کیلئے پروازوں کی اچانک منسوخی پر 5 فضائی کمپنیوں کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حالیہ ہفتوں میں پروازوں کی منسوخی پر قطر ایئر ویز، ترکش ایئر لائن، امارات ایئر لائن، اتحاد ایئر ویز اور فلائی دبئی کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ واضح ہدایات کے باوجود پروازوں کی منسوخی پاکستان سفر کرنے والے مسافروں کے لیے پریشانی کا باعث بنی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹس میں مزید کہا ہے کہ غیر ملکی ائیر لائنز 8 جولائی تک مسافروں کے مسائل حل کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کی جائے گی۔ مسافروں کو ٹکٹوں کی رقوم واپس کی جائیں اور نقصانات کا ازالہ معاوضے کی صورت کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیے: نجی ائیرلائنز کا انکار، پی آئی اے اوورسیز پاکستانیوں کو عید سے قبل واپس لائے گی
واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وبا کی بین الاقوامی اور ملکی صورت حال میں بہتری کے پیش نظر بیرون ملک سے آنے والی پروازوں میں بتدریج اضافہ کرنے کی اجازت دی تھی۔
این سی او سی کی اجازت کے بعد 15 جون 2021ء سے لے کر اب تک چار ہزار مسافر یومیہ کی تعداد کو بڑھا کر آٹھ ہزار تک کر دیا گیا ہے، اس اضافے میں برطانیہ یورپ کینیڈا، چین اور ملائشیا سے آنے والی پروازوں کو 20 فیصد سے بڑھا کر 40 فیصد کر دیا گیا۔
کورونا کی روک تھام کے لئے این سی او سی نے ایک مربوط نظام مرتب کیا، اس ضمن میں باہر سے آنے والی پروازوں کو مروجہ ٹیسٹنگ اور قرنطینہ کے مراحل سے گزارا جاتا ہے۔ اب تک بیرونی ممالک سے آنے والے دو لاکھ اسی ہزار افراد کے ٹیسٹ کیئے گئے جس میں سے چھ سو مثبت کیسز رپورٹ ہوئے جن کو قرنطینہ کیا گیا۔
دوسری جانب کچھ ائیرلائنز کے انکار کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) نے خلیجی ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کے عیدِ قربان سے قبل پاکستان لانے کیلئے خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نجی ائیرلائنز کی جانب سے آخری وقت پر پروازیں منسوخ کرنے کی وجہ سے ہزاروں پاکستانی خلیجی ممالک میں پھنس گئے ہیں تاہم قومی فضائی کمپنی نے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لئے انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور دوحہ سے پاکستان کیلئے چار بوئنگ 777 پروازیں مقرر کی گئی ہیں جبکہ طلب کو دیکھتے ہوئے مزید دو پروازیں بھی مقرر کی جائیں گی۔