نجی ائیرلائنز کا انکار، پی آئی اے اوورسیز پاکستانیوں کو عید سے قبل واپس لائے گی

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو عید سے قبل واپس لانے کے لئے انتظامات مکمل، دوحہ اور بحرین کیلئے بوئنگ 777 پروازیں تیار  

249

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) خلیجی ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کے عیدِ قربان سے قبل پاکستان لانے کیلئے خصوصی پروازیں چلائے گی۔

پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان کی طرف سے جمعہ کو یہاں جاری بیان کے مطابق نجی ائیرلائنز کی جانب سے آخری وقت پر پروازیں منسوخ کرنے کی وجہ سے ہزاروں پاکستانی خلیجی ممالک میں پھنس گئے ہیں-

اس لیے وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان کی ہدایات پر پی ائی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ائیر مارشل (ر) ارشد ملک نے فوری طور پر خلیجی ممالک کے لئے پروازیں بھیجنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق قومی فضائی کمپنی نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو عید سے قبل واپس لانے کے لئے انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور دوحہ سے پاکستان کیلئے چار بوئنگ 777 پروازیں مقرر کی گئی ہیں جبکہ طلب کو دیکھتے ہوئے مزید دو پروازیں اگلے ایک دو روز تک مقرر کی جائیں گی۔

ترجمان نے بتایا کہ بحرین کے لیے ائیر بس جہازوں کی جگہ بوئنگ 777 متبادل پرواز کے طور پر استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ ائیربس کے مقابلے میں بوئنگ 777 تین گنا زائد گنجائش رکھتا ہے۔

سربراہ پی آئی اے ارشد ملک نے کہا ہے کہ خلیجی ممالک میں موجود پاکستانیوں کی ضرورت کا بغور مشاہدہ کر رہے ہیں، جتنی تعداد میں پروازوں کی ضرورت پڑی، وہ بھیجی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ قوم ہمیشہ پی ائی اے کو قومی فرائض کی انجام دہی میں سب سے آگے پائے گی۔ غیرملکی ائیرلائنز کے برعکس اپنے ہم وطنوں کو دیارغیر میں بے یار و مددگار نہیں چھوڑ سکتے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here