اسلام آباد: کینیڈین حکام نے پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کو ٹورنٹو کے لئے مسافر پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے آج (22 جون) سے ٹورنٹو کیلئے دوبارہ براہ راست مسافر پروازیں شروع کر رہی ہے۔
اس سے قبل پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر کی وجہ سے کینیڈا نے پاکستان سے مسافر پروازوں پر پابندی لگا دی تھی اور صرف کارگو پروازوں کو کینیڈا میں داخلے کی اجازت تھی۔
ترجمان کے مطابق پہلے مرحلے میں پاکستان سے ٹورنٹو کیلئے ہر ہفتے تین براہ راست پروازیں چلائی جائیں گی، 22 جون سے پی آئی اے براہ راست مسافر لے کر کینیڈا جائے گی۔ پی آئی اے کی جانب سے کینیڈین حکام کو سخت ایس او پیز پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
پی آئی اے نے مقامی پروازوں پر کرائے میں کمی کر دی
پی آئی اے کے واجبات اَب سول ایوی ایشن اتھارٹی وصول کرے گی
پی آئی اے کی پہلی ائیر سفاری پرواز سیاحوں کو لے کر سکردو پہنچ گئی
ریکوڈک کیس میں پاکستان کی بڑی قانونی فتح، پی آئی اے کے منجمند اثاثے واپس مل گئے
یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ پی آئی اے پہلے ہی اپنے جہاز اور زمینی عملے کو کوویڈ۔19 کی ویکسین لگوا چکی ہے اور اب ایئر لائن کے تمام ملازمین کی ویکسین کا عمل جاری ہے اور یہ دنیا کی پہلی ایئر لائن ہے جس نے اپنے عملہ کی ویکسی نیشن کا آغاز کیا ہے۔
سربراہ پی آئی اے ارشد ملک نے ائیرلائن حکام کو فوری طور پر ٹکٹوں کی بکنگ اور دیگر امور شروع کرنے کی ہدایت کی ہے، توقع کی جا رہی ہے کہ ٹورنٹو سے پہلی پرواز اتوار کو پاکستان واپس پہنچے گی، اسی طرح لاہور، کراچی اور اسلام آباد سے ٹورنٹو کے لئے پروازیں شروع ہوں گی۔
ترجمان نے بتایا کہ مسافروں کو سفر سے قبل کوویڈ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ اور کورونا منفی ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کرنا ہو گی، یہ عارضی پابندیاں کینیڈین حکام نے پوری دنیا سے مسافر پروازوں پر عائد کی تھیں۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ائیرلائن دوسرے مرحلے میں پاکستان سے کینیڈا کا آپریشن مکمل طور پر بحال کر دے گی، جو مسافر نئے ٹکٹ خرید رہے ہیں یا پہلے سے ٹکٹ خرید رکھے ہیں وہ اپنے ٹکٹ سفر کی شرائط و ضوابط کو پورا کرکے استعمال کر سکتے ہیں۔