اسلام آباد: گزشتہ دس برسوں کے دوران چین نے پاکستان میں پانچ ارب 39 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ( ایف ڈی آئی) کی ہے۔
رواں مالی سال 2019-20ء کے پہلے نو ماہ (جولائی تا مارچ) کے دوران پاکستان میں کی جانے والی 65 کروڑ 8 لاکھ ڈالر سرمایہ کاری کے ساتھ چین سرِفہرست ہے۔
سرمایہ کاری بورڈ ( بی او آئی) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق چین کی جانب سے مالی سال 18-2017ء کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم ایک ارب 31 کروڑ 19 لاکھ ڈالر رہا جبکہ مالی سال 16-2015ء کے دوران چین سے ایک ارب چار کروڑ 83 لاکھ ایف ڈی آئی ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیے:
انٹر لوپ کی پاکستان میں 300 ملین ڈالر سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی
نجی کمپنی کا پاکستان میں ویکسین پلانٹ لگانے کیلئے 15 ارب روپے سرمایہ کاری کا عندیہ
سرمایہ کاری بورڈ کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 11-2010ء میں چینی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں محض چار کروڑ 74 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی تھی جبکہ مالی سال 12-2011ء میں چین کی پاکستان میں ایف ڈی آئی کا حجم 12 کروڑ 61 لاکھ ڈالر رہا۔
مالی سال 13-2012ء میں چین کی ایف ڈی آئی نو کروڑ چھ لاکھ ڈالر رہی تھی جو مالی سال 14-2013ء کے دوران 68 کروڑ 58 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی اور مالی سال 15-2014ء میں چین کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 34 کروڑ 8 لاکھ ڈالر رہا تھا۔
اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 16-2015ء میں چین کی ایف ڈی آئی کا حجم ایک ارب چار کروڑ 83 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ مالی سال 17-2016ء میں اس میں کمی آئی اور 76 کروڑ 32 لاکھ ایف ڈی آئی ریکارڈ کی گئی جو مالی سال 18-2017ء کے دوران ایک ارب 31 کروڑ 19 لاکھ ڈالر کی سطح تک بڑھ گئی۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 19-2018ء میں چین کی ایف ڈی آئی کا حجم 13 کروڑ 8 لاکھ ڈالر رہا تھا جو گزشتہ مالی سال 20-2019ء کے دوران 84 کروڑ 41 لاکھ ڈالر تک بڑھ گیا اور جاری مالی سال 21-2020ء کے پہلے 9 ماہ کے دوران پاکستان میں 65 کروڑ 8 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کے ساتھ چین پہلے نمبر پر رہا۔