انٹر لوپ کی پاکستان میں 300 ملین ڈالر سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی

1391

اسلام آباد: مشہور ٹیکسٹائل فرم انٹر لوپ لمیٹڈ  (آئی ایل پی) نے اپنی پیداوار سرگومیوں کو وسعت دینے کیلئے 30 کروڑ ڈالر کی نئی سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کی ہے۔

انٹر لوپ لمیٹڈ  کے صدر محمد مقصود کا کہنا ہے کہ انٹرلوپ کا شمار پاکستان میں کام کرنے والی ٹیکسٹائل کی بڑی کمپنیوں میں ہوتا ہے اور کمپنی دنیا بھر کے مختلف ممالک کو ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت کمپنی کی 90 فیصد آمدن برآمدات سے حاصل ہو رہی ہے اور دنیا کے کئی بڑے اور معروف برانڈز اس کے کسٹمر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ برآمدی آرڈرز کی بروقت تکمیل کیلئے پیداوار کو بڑھانے کے سلسلہ میں کمپنی نے 300 ملین ڈالر (45 ارب 58 کروڑ 83 لاکھ روپے) سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کی ہے۔

دوسری جانب رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں انٹر لوپ لمیٹڈ (آئی ایل پی) کی بعد اَز ٹیکس آمدن میں 113 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جولائی تا مارچ 21-2020ء کے دوران کمپنی کی خالص آمدن چار ارب 60 کروڑ 10 لاکھ روپے تک بڑھ گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں کمپنی کو دو ارب 16 کروڑ 20 لاکھ روپے خالص منافع ہوا تھا۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں کے دوران انٹرلوپ کی بعد از ٹیکس آمدن میں دو ارب 43 کروڑ 90 لاکھ روپے یعنی 113 فیصد نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ خالص منافع بڑھنے کے نتیجہ میں انٹرلوپ کی فی شئیر آمدن بھی 2.48 روپے کے مقابلہ میں 5.28  روپے فی شئیر تک بڑھ گئی۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں جنوری تا مارچ 2021ء کے دوران انٹرلوپ کی بعد از ٹیکس آمدن 169 فیصد اضافہ کے نتیجہ میں 63 کروڑ 10 لاکھ روپے کے مقابلہ میں ایک ارب 69 کروڑ 70 لاکھ روپے تک بڑھ گئی اور فی شئیر آمدن بھی 0.72 روپے کے مقابلہ میں 1.95 روپے پہنچ گئی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here