واشنگٹن: امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کے کمپنی کی ایک ملازمہ کے ساتھ تعلقات تھے۔
11 مئی 2021ء کو وال سٹریٹ جرنل نے لکھا کہ کہ بل گیٹس ماضی میں امریکی کاروباری شخصیت جیفری اپسٹن سے ملتے رہے تھے جن پر امریکی امراء کو جسم فروشی کیلئے کم عمر لڑکیاں فراہم کرنے جیسے الزامات تھے اور انہوں نے 2019ء میں جیل میں خودکشی کر لی تھی۔
وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ جیفری اپسٹن سے ملاقاتوں کا علم ہونے کے بعد میلنڈا گیٹس نے شوہر سے 2019ء میں ہی طلاق لینے کا فیصلہ کیا تھا۔
مائیکروسافٹ کے ترجمان فرینک شا نے کہا کہ مائیکروسافٹ کو بل گیٹس اور خاتون انجینئر ملازم کے درمیان 2000ء میں شروع ہونے والے تعلقات سے متعلق خط 2019ء کے وسط میں موصول ہوا تھا جس پر بورڈ کمیٹی نے غیرجانبدارانہ تحقیقات کا فیصلہ کیا اور مذکورہ خاتون نے بھی تعلقات کا اعتراف کیا۔
اب وال سٹریٹ جنرل نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ بل گیٹس کے مائیکروسافٹ کی ایک خاتون انجنئیر کے ساتھ جنسی تعلقات تھے اور کمپنی نے جب تحقیقات کا آغاز کیا تو مارچ 2020ء میں بل گیٹس نے مائیکروسافٹ کے بورڈ سے علیحدگی اختیار کر لی۔
تاہم بل گیٹس کی ترجمان بریگیٹ آرنلڈ نے کہا ہے کہ یہ (خاتون ملازم سے تعلقات) معاملہ تقریباََ 20 سال پرانا ہے جو باہمی رضامندی سے خوش اسلوبی کے ساتھ حل کر لیا گیا تھا۔
بل گیٹس کی ترجمان نے مائیکروسافٹ بورڈ سے مستعفی ہونے سے متعلق کہا کہ بل گیٹس نے اپنی فلاحی تنظیم پر بھرپور توجہ مرکوز کرنے کیلئے مائیکروسافٹ بورڈ سے استعفیٰ دیا تھا اور اس کا مذکورہ افیئر سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ انہیں بل گیٹس کی طلاق، حالات اور وجہ سے متعلق بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی خبروں پر بہت مایوسی ہوئی ہے، بل گیٹس کی طلاق کے بعد ان کی شخصیت کو خراب کرنے کے لیے من گھڑت کہانیاں پھیلائی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ 3 مئی 2021ء کو اپنی اہلیہ میلنڈا گیٹس سے 27 سالہ شادی ختم کرنے والے دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص بل گیٹس کی طلاق کی خبر نے دنیا کو حیران کر دیا تھا۔