جنوب مشرقی ایشیائی ملکوں کو پاکستانی برآمدات میں 41 فیصد، درآمدات میں 63 فیصد اضافہ

رواں مالی سال کے پہلے ماہ (جولائی) میں انڈونیشیا، ملائشیا، سنگا پور، تھائی لینڈ اور خطے کے دیگر ملکوں کو برآمدات سے پاکستان نے 10 کروڑ 9 لاکھ 80 ہزار ڈالر زرمبادلہ کمایا جبکہ ان ملکوں سے درآمدات پر 71 کروڑ 36 لاکھ ڈالر خرچ کیے

189

اسلام آباد: پاکستان اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے مہینہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

جولائی میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں 41 فیصد جبکہ خطہ کے ممالک سے درآمدات میں 63.91 فیصد کا اضافہ ہوا۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال 2021-22ء کے پہلے مہینہ میں انڈونیشیا، ملائشیا، سنگا پور، تھائی لینڈ اور دیگر جنوب مشرقی ایشیائی ملکوں کو پاکستانی برآمدات کا حجم 10 کروڑ 9 لاکھ 80 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے: 

جولائی میں خطے کے ممالک کو پاکستان کی برآمدات میں 20.5 فیصد اضافہ

مالی سال کے پہلے مہینے پاکستان کی امریکا کے ساتھ تجارت 63 فیصد سرپلس رہی

برطانیہ کو پاکستانی برآمدات میں 23 فیصد اضافہ، درآمدات میں 12 فیصد کمی ریکارڈ

پاکستان اور شمالی امریکا کی تجارت میں 39.61 فیصد، مشرقی یورپ کیساتھ 19.64 فیصد اضافہ

یہ شرح گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے پہلے مہینے کے دوران جنوب مشرقی ایشیائی ملکوں کو پاکستانی برآمدات کے مقابلہ میں 41 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ سال جولائی میں ان ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 7 کروڑ 15 لاکھ 80 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

ماہانہ بنیادوں پر جون کے مقابلہ میں جولائی میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں 16.47 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔

سٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے مہینہ میں جنوب مشرقی ایشیائی ملکوں سے درآمدات میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 63.91 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

جولائی 2021ء میں انڈونیشیا، ملائشیا، سنگا پور، تھائی لینڈ اور دیگر جنوب مشرقی ایشیائی ملکوں  سے درآمدات کا حجم 71 کروڑ 36 لاکھ 90 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال جولائی میں 43 کروڑ 54 لاکھ ڈالر تھا۔

ماہانہ بنیادوں پر جون کے مقابلہ میں جولائی میں ان ممالک سے درآمدات میں 6.38 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ رواں مالی سال کے پہلے مہینہ میں پاکستان کی مجموعی قومی برآمدات کا حجم 2 ارب 25 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو جولائی 2020ء کے ایک ارب 88 کروڑ ڈالر ڈالر کے مقابلہ میں 19.73 فیصد زیادہ ہے۔

اسی طرح مالی سال کے پہلے ماہ میں پاکستان کی مجموعی درآمدات کا حجم 5 ارب 39 کروڑ ڈالر ہو گیا جو گزشتہ سال جولائی کے مقابلہ میں 51.70 فیصد زیادہ ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here