اسلام آباد: رواں مالی سال 2021-22ء کے پہلے مہینے (جولائی) کے دوران گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں خطے کے ممالک کو پاکستان کی برآمدات میں 20.50 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2021ء میں پاکستان کی برآمدات کا حجم 2 ارب 25 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جس میں میں 12.49 فیصد برآمدات چین، بنگلہ دیش، سری لنکا، بھارت، نیپال اور مالدیپ کو بھیجی گئیں جن کی مالیت 28 کروڑ 20 لاکھ ڈالر بنتی ہے۔
جولائی 2021ء میں چین کو بھیجی گئی برآمدات کا حجم 16 کروڑ 58 لاکھ 78 ہزار ڈالر رہا جو جولائی 2020ء کی 10 کروڑ 67 لاکھ ڈالر برآمدات سے 55.26 فیصد زیادہ ہیں۔
اسی طرح جولائی 2021ء میں بنگلہ دیش کو 5 کروڑ 10 لاکھ 33 ہزار ڈالر کی برآمدات بھیجی گئیں جو جولائی 2020ء کی 4 کروڑ 82 لاکھ ڈالر برآمدات سے 5.66 فیصد زیادہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیے:
رواں مالی سال کیلئے قومی برآمدات کا ہدف 38.7 ارب ڈالر مقرر
برطانیہ کو پاکستانی برآمدات میں 23 فیصد اضافہ، درآمدات میں 12 فیصد کمی ریکارڈ
جیولری اور قیمتی پتھروں کی برآمدات میں 323 فیصد اضافہ، 3 ارب روپے سے زائد آمدن
تاہم جولائی 2021ء میں بھارت اور افغانستان کو پاکستانی برآمدات میں کمی دیکھنے میں آئی، افغانستان کو 3 کروڑ 85 لاکھ 57 ہزار ڈالر کی برآمدات بھیجی گئیں جو جولائی 2020ء کی 6 کروڑ 27 لاجھ 74 ہزار ڈالر سے 38.75 فیصد کم ہیں۔
اسی طرح بھارت کیساتھ سرحدی تجارت کی بندش کی وجہ سے زیادہ تر مصنوعات متحدہ عرب امارات کے راستے بھیجیں گئں جس کے باعث برآمدات میں 87.81 کی نمایاں کمی ہوئی اور یہ چار لاکھ 43 ہزار ڈالر سے کم ہو کر محض 5 ہزار ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔
جولائی 2021ء میں سری لنکا کیلئے پاکستانی برآمدات 68.55 فیصد اضافے سے 23 کروڑ 59 لاکھ 91 ہزار ڈالر ریکارڈ کی گئیں جبکہ جولائی 2020ء میں سری لنکا کو برآمدات کا حجم ایک کروڑ 54 لاکھ 20 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
نیپال کو برآمدات میں 39 فیصد کمی دیکھنے میں آئی اور یہ 0.454 ملین ڈالر سے کم ہو کر 0.273 ملین ڈالر رہ گئیں جبکہ مالدیپ کو برآمدات 0.329 ملین ڈالر سے 1.21 فیصد کم ہو کر 0.325 رہ گئیں۔
دوسری جانب جولائی 2021ء میں پاکستان نے سات علاقائی ممالک سے ایک ارب 35 کروڑ 5 لاکھ ڈالر کی درآمدات منگوائیں جو جولائی 2020ء کی ایک ارب 13 کروڑ 14 لاکھ ڈالر کی درآمدات سے 19.36 فیصد زیادہ ہیں۔
اس دوران چین سے درآمدات میں 19.24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جولائی 2021ء میں گزشتہ سال کی اسی مدت کی ایک ارب 10 کروڑ ڈالر درآمدات کے مقابلے میں ایک ارب 31 کروڑ ڈالر کی درآمدات کی گئیں۔
بھارت سے جولائی 2020ء کی ایک کروڑ 58 لاکھ 33 ہزار ڈالر درآمدات کے مقابلے میں جولائی 2021ء میں ایک کروڑ 24 لاکھ ڈالر کی درآمدات کی گئیں جو 1.52 فیصد کم ہیں۔
سری لنکا سے درآمدات میں 2.62 فیصد کمی ہوئی اور رواں سال جولائی میں 70 لاکھ 96 ہزار ڈالر کی درآمدات کی گئیں جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران 69 لاکھ 10 ہزار ڈالر تھیں۔
جولائی 2021ء میں بنگلہ دیش سے 35 لاکھ 18 ہزار ڈالر کی چیزیں درآمد کی گئیں جبکہ گزشتہ سال بنگلہ دیش سے درآمدات کا حجم 39 لاکھ 48 ہزار ڈالر رہا تھا۔ نیپال سے درآمدات 0.066 ملین ڈالر سے 4.54 فیصد کم ہو کر 0.063 فیصد ریکارڈ کی گئیں۔