پاکستان اور شمالی امریکا کی تجارت میں 39.61 فیصد، مشرقی یورپ کیساتھ 19.64 فیصد اضافہ

نئے مالی سال کے پہلے مہینے میں امریکا، کینیڈا اور خطے کے دیگر ملکوں کو 53 کروڑ 51 لاکھ ڈالر، ہنگری، رومانیہ، روس، یوکرین اور دیگر مشرقی یورپی ملکوں کو 6 کروڑ 26 لاکھ ڈالر اور ترکی کو 2 کروڑ 44 لاکھ کی برآمدات کی گئیں

204

اسلام آباد: رواں مالی سال کے پہلے مہینے کے دوران پاکستان اور شمالی امریکی ممالک کے مابین دوطرفہ تجارت کے حجم میں 39.61 فیصد اور مشرقی یورپ کے ممالک کے ساتھ 19.64 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2021ء میں شمالی امریکا کو پاکستانی برآمدات میں 48.01 فیصد جبکہ ان ممالک سے درآمدات میں 24.59 فیصد اضافہ ہوا۔

جولائی میں امریکا، کینیڈا اور خطے کے دیگر ملکوں کو پاکستانی برآمدات کا حجم 53 کروڑ 51 لاکھ 30 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو جولائی 2020ء کے 36 کروڑ 15 لاکھ 20 ہزار ڈالر کے مقابلہ میں 48.01 فیصد زیادہ ہے۔

ماہانہ بنیادوں پر جون کے مقابلہ میں جولائی میں شمالی امریکی ملکوں کو پاکستانی برآمدات میں 9.65 فیصد کمی ہوئی، جون میں پاکستانی برآمدات کا حجم 58 کروڑ 61 لاکھ ڈالر رہا تھا جو جولائی میں کم ہو کر 53 کروڑ 51 لاکھ 30 ہزار ڈالر ہو گیا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے پہلے مہینہ میں شمالی امریکا کے ممالک سے درآمدات میں 24.59 فیصد اضافہ ہوا۔ جولائی 2021ء میں امریکا، کینیڈا اور خطے کے دیگر ملکوں سے درآمدات پر پاکستان نے 25 کروڑ 18 لاکھ 60 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ خرچ کیا جبکہ گزشتہ سال جولائی میں یہ حجم 20 کروڑ 21 لاکھ 50 ہزار ڈالر رہا تھا۔

ماہانہ بنیادوں پر جون کے مقابلہ میں جولائی 2021ء میں شمالی امریکا کے ممالک سے درآمدات میں کمی ہوئی، جون میں 27 کروڑ 11 لاکھ 80 ہزار ڈالر کی درآمدات جولائی میں کم ہو کر 25 کروڑ 18 لاکھ 60 ہزار ڈالر ہو گئیں۔

مشرقی یورپ کیساتھ تجارت میں 19.64 فیصد اضافہ

سٹیٹ بینک کے مطابق جولائی 2021ء میں پاکستان اور مشرقی یورپی ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم میں 19.64 فیصد اضافہ ہوا۔

جولائی میں ہنگری، رومانیہ، روس، یوکرین اور دیگر مشرقی یورپی ملکوں کو پاکستان نے 6 کروڑ 26 لاکھ 70 ہزار ڈالر کی برآمدات بھیجیں جو جولائی 2020ء کی 4 کروڑ 77 لاکھ 10 ہزار ڈالر برآمدات کے مقابلہ میں 31.65 فیصد زیادہ رہیں۔

تاہم ماہانہ بنیادوں پر مشرقی یورپ کو پاکستانی برآمدات میں 5.28 فیصد کمی واقع ہوئی اور جون میں 6 کروڑ 59 لاکھ 80 ہزار ڈالر کی برآمدات جولائی میں کم ہو کر 6 کروڑ 26 لاکھ 70 ہزار ڈالر پر آ گئیں۔

سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے پہلے مہینہ میں مشرقی یورپی ملکوں سے درآمدات میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 2.72 فیصد اضافہ ہوا۔

جولائی میں پاکستان نے مشرقی یورپی ملکوں سے 3 کروڑ 43 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں جبکہ جولائی 2020ء میں ان ممالک سے 3 کروڑ 34 لاکھ 40 ہزار ڈالرکی درآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔

پاکستان اور ترکی کی تجارت میں اضافہ

نئے مالی کے پہلے ماہ کے دوران ترکی کو پاکستانی برآمدات میں 3.13 فیصد جبکہ ترکی سے درآمدات میں 61.52 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے پہلے مہینے ترکی کو پاکستانی برآمدات کا حجم 2 کروڑ 44 لاکھ 90 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال جولائی کی 2 کروڑ 37 لاکھ 40 ہزار ڈالر برآمدات کے مقابلے میں 3.13 فیصد زیادہ ہے۔

جاری مالی سال کے پہلے مہینے میں ترکی سے درآمدات کا حجم 4 کروڑ 89 لاکھ 70 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال جولائی میں 3 کروڑ 3 لاکھ 20 ہزار ڈالر کی درآمدات کے مقابلے میں 61.52 فیصد زیادہ ہے۔

 برآمدات پر مال برداری اخراجات میں کمی

دوسری جانب برآمدات پرمال برداری کے اخراجات کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے مہینہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

سٹیٹ بینک کے مطابق جولائی میں قومی برآمدات پر مال برداری اخراجات کا حجم ایک کروڑ 32 لاکھ 10 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو جولائی 2020ء کے 2 کروڑ 69 لاکھ 10 ہزار کے مقابلہ میں 103.70 فیصد کم ہے

گزشتہ مالی سال میں ملکی برآمدات پر مال برداری کے اخراجات کا کل حجم 21 کروڑ 19 لاکھ 30 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو پیوستہ مالی سال کے 21 کروڑ 66 لاکھ 80 ہزار ڈالر کے مقابلہ میں کم ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here