مالی سال کے پہلے مہینے پاکستان کی امریکا کے ساتھ تجارت 63 فیصد سرپلس رہی

جولائی 2021ء میں امریکا کو پاکستانی برآمدات کا حجم 50 کروڑ 31 لاکھ ڈالر رہا جبکہ امریکا سے 23 کروڑ 11 لاکھ ڈالر کی درآمدات کی گئیں، سٹیٹ بینک

746

اسلام آباد: پاکستان کی امریکا کو اشیاء اور خدمات کی تجارت جاری مالی سال کے پہلے مہینہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 63.58 فیصد زیادہ ریکارڈ کی گئی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2021ء میں امریکا کو پاکستانی برآمدات کا حجم 50 کروڑ 31 لاکھ 18 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

یہ شرح گزشتہ سال جولائی کے مقابلہ میں 49.19 فیصد زیادہ ہے، جولائی 2020ء میں امریکا کو پاکستانی برآمدات کا حجم 33 کروڑ 7 لاکھ 20 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے:

نئے مالی سال کے پہلے ماہ 278 ملین ڈالر کی برآمدات کیساتھ ’مانچسٹر آف پاکستان‘ بازی لے گیا

پاکستان اور شمالی امریکا کی تجارت میں 39.61 فیصد، مشرقی یورپ کیساتھ 19.64 فیصد اضافہ

ایس بی پی کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے مہینہ میں امریکا سے درآمدات میں 35.19 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

جولائی 2021ء میں امریکا سے 23 کروڑ 11 لاکھ 60 ہزار ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں جبکہ جولائی 2020ء میں امریکا سے درآمدات کا حجم 17 کروڑ 9 لاکھ 80 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ رواں مالی سال کے پہلے مہینہ میں پاکستان کی مجموعی قومی برآمدات کا حجم 2 ارب 25 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو جولائی 2020ء کے ایک ارب 88 کروڑ ڈالر ڈالر کے مقابلہ میں 19.73 فیصد زیادہ ہے۔

اسی طرح مالی سال کے پہلے ماہ میں پاکستان کی مجموعی درآمدات کا حجم 5 ارب 39 کروڑ ڈالر ہو گیا جو گزشتہ سال جولائی کے مقابلہ میں 51.70 فیصد زیادہ ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے ماہ میں امریکا کو فاضل تجارت کا حجم 27 کروڑ 19 لاکھ 50 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال جولائی کے 16 کروڑ 62 لاکھ 40 ہزار ڈالر کے مقابلہ میں 63.58 فیصد زیادہ ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here