فیصل آباد: پاکستان میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کے گڑھ سمجھے جانے والے فیصل آباد سے رواں مالی سال 2021-22ء کے پہلے ماہ (جولائی) کے دوران 27 کروڑ 82 لاکھ 37 ہزار ڈالر کی برآمدات کی گئیں۔
فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف سی سی آئی) کے صدر احتشام جاوید نے جولائی میں فیصل آباد سے 27 کروڑ 82 لاکھ 37 ہزار ڈالر برآمدات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے فیصل آباد 40 ارب ڈالر کی قومی برآمدات کا ہدف حاصل کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایف سی سی آئی سمیت شہر کی پانچ اہم تجارتی تنظیموں اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی طرف سے جاری ہونے والے سرٹیفکیٹس آف اوریجن کے مطابق جولائی کے مہینے کے دوران 278.237 ملین ڈالر کی برآمدات ہوئیں جبکہ مجموعی برآمدات جن کے سرٹیفکیٹ وی بوک (WEBOK) کے ذریعے آن لائن حاصل کئے گئے اُن کی مالیت اس میں شامل نہیں۔
یہ بھی پڑھیے:
ٹیکسٹائل برآمدات 23 فیصد اضافے سے 15 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں
’مجموعی قومی برآمدات میں ٹیکسٹائل کی 25 مقامی کمپنیوں کا حصہ 21 فیصد رہا‘
انہوں نے اعداد وشمار کے حوالے سے بتایا کہ جولائی کے دوران سب سے زیادہ برآمدات ویلیو ایڈڈ سیکٹر کی نمائندہ تنظیم پاکستان ہوزری مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی ایچ ایم اے) کی رکن کمپنیوں نے کیں جن کی مالیت 16 کروڑ 54 لاکھ 20 ہزار ڈالر رہی۔
دوسرے نمبر پر فیصل آباد چیمبر رہا جس کے ذریعے چار کروڑ 80 لاکھ 27 ہزار ڈالر کی برآمدات ہوئیں، اسی طرح تیسرے نمبر پر پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن رہی جس کی رکن کمپنیوں نے چار کروڑ 28 لاکھ ڈالر کی برآمدات کیں۔ چوتھے نمبر پر آل پاکستان بیڈ شیٹس اینڈ اَپ ہولسٹری مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے ممبران آئے جنہوں نے ایک کروڑ 19 لاکھ 90 ہزار ڈالر کی برآمدات کیں۔
انہوں نے بتایا کہ آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن نے تقریبا 30 لاکھ ڈالر جبکہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان نے 133 سرٹیفکیٹس آف اوریجن جاری کئے جن کے ذریعے 70 لاکھ ڈالر کی برآمدات کی گئیں۔
احتشام جاوید کا کہنا تھا کہ دستیاب معلومات کے مطابق جولائی کے دوران فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سب سے زیادہ 943 سرٹیفکیٹس آف اوریجن جاری کئے جبکہ پی ٹی ای اے نے 782، ایپبوما نے 352، پی ایچ ایم اے نے 235، اپٹما نے 80 اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان نے 133 سرٹیفکیٹس آف وریجن جاری کئے، اس طرح مجموعی سی اوز کی تعداد 2525 بنتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ موجودہ رجحانات کے مطابق عموماََ جولائی میں برآمدات کم ہوئی ہیں جبکہ اکتوبر، نومبر اور دسمبر کے مہینوں میں کرسمس اور نیو ایئر کی وجہ سے برآمدات میں غیر معمولی اضافہ ہو جاتا ہے مگر اس کے باوجود اگر موجودہ برآمدات کو ہی بنچ مارک سمجھا جائے تو ایک سال میں سی اوز کی بنیاد پر فیصل آباد سے 3.3 ارب ڈالر کی برآمدات ہو سکتی ہیں۔