اسلام آباد: پاکستان اور جنوبی کوریا نے کراچی میں جدید ترین آئی ٹی پارک کے قیام کیلئے معاہدے پر دستخط کر دئیے۔
وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان نے پاکستان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں میں کوریا کے ایگزم بینک کے کردارکو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی، سماجی شعبہ اور بنیادی ڈھانچہ کے منصوبوں میں جنوبی کوریا کی مزید معاونت کا خواہاں ہے۔
انہوں نے یہ بات کوریا کی وزارت اقتصادی و مالیاتی امور کے ڈائریکٹر جنرل چونگ ہوا لی کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پرپاکستان میں کوریا کے سفیرسوسانگ پیو اور ایگزم بینک کے نمائندے بھی موجود تھے۔
عمرایو ب خان نے کہا کہ ایگزام بینک کی جانب سے مالیاتی وسائل کی فراہمی سے پاکستان میں سماجی اور اقتصادی ترقی کے عمل میں تیزی لانے میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھیے:
پاکستان کی ترک کمپنیوں کو آئی ٹی، صنعت اور سیاحت میں سرمایہ کاری کی دعوت
برآمدات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی آئی ٹی کمپنیوں کیلئے 5 فیصد نقد انعام کا اعلان
جنوبی کوریا کے تعاون سے اسلام آباد میں جدید ترین آئی ٹی پارک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا
انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں کوریا کے ایگزام بینک کے تعاون سے 343 ملین ڈالر کے پانچ منصوبے زیر تکمیل ہیں، ان میں اسلام آباد میں ٹیکنالوجی پارک کا قیام، کالکتک چترال روڈ، چکدرہ تیمرگرہ روڈ، مالاکنڈ ٹنل اور سکھرمیں چلڈرن ہسپتال کے قیام کے منصوبے شامل ہیں۔
جنوبی کوریا کے وفد نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ ایگزام بینک عنقریب پاکستان کے ساتھ فریم ورک ایگریمنٹ پر دستخط کرے گا جس کے تحت پاکستان کے ساتھ معاونت کو سالانہ 500 ملین ڈالر سے بڑھا کر ایک ارب ڈالر تک کر دیا جائے گا۔
یہ رقم شاہراہوں کی تعمیر، ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، صحت عامہ کے فروغ اور آئی ٹی کی ترقی کیلئے نئے منصوبے شروع کرنے پر استعمال ہو گی۔
عمر ایوب نے مختلف ترقیاتی منصوبوں میں معاونت فراہم کرنے اور کوویڈ 19 کی وبا اور دیگر قدرتی آفات سے نمٹنے میں کوریا کی معاونت کی تعریف کی۔
اس موقع پر کراچی میں 199 ملین ڈالر کی لاگت سے آئی ٹی پارک کے قیام کے معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ اس منصوبہ کیلئے کوریا کا ایگزم بینک 158 ملین ڈالر کی معاونت فراہم کرے گا۔
آئی ٹی پارک کے قیام سے مقامی اور بین الاقوامی آئی ٹی فرمز کو جدیدترین بنیادی ڈھانچہ فراہم کیا جائے گا اور ان اداروں کو کراچی میں اپنے دفاتر کے قیام میں مدد ملے گی۔
معاہدے پر سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن ذولفقار حیدر اور کوریا کی وزارت اقتصادی و مالیاتی امور کے ڈائریکٹر جنرل چونگ ہوا لی نے دستخط کئے۔
کوریا کے وفد کے دورہ کے موقع پر ای ڈی سی ایف فریم ورک کے تحت پالیسی ڈائیلاگ کا انعقاد بھی ہوا، سیکرٹری اقتصادی امور ذولفقار حیدر نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت جنوبی کوریا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے۔
کوریا کی وزارت اقتصادی و مالیاتی امور کے ڈائریکٹر جنرل چونگ ہوا لی نے مہمان نوازی پر پاکستان کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی کوریا کی حکومت پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے مالی معاونت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔