اضافی رَن وے کی تعمیر کے بعد سکردو ائیرپورٹ بین الاقوامی پروازوں کیلئے تیار

اب بڑے مسافر طیارے بھی لینڈ کر سکیں گے، پی آئی اے کی روزانہ چھ پروازوں کی وجہ سے رواں موسم گرما میں سکردو ایئرپورٹ ملک کے مصروف ترین ایئرپورٹس میں سے ایک بن گیا

1501

گلگت: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کا کہنا ہے کہ سکردو ایئرپورٹ بین الاقوامی فلائٹ آپریشن کیلئے مکمل تیار ہے، ایئرپورٹ پر انفراسٹرکچر اور امیگریشن سے متعلق سہولیات کا انتظام مکمل کر لیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی خاقان مرتضیٰ نے کہا ہے کہ رواں موسم گرما میں سکردو ایئرپورٹ ملک کے مصروف ترین ایئرپورٹس میں سے ایک رہا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خاقان مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ سکردو ایئرپورٹ کو انٹرنیشنل فلائٹ کے قابل بنانے کیلئے اَپ گریڈ کیا گیا ہے، اب ائیرپورٹ پر ایک اضافی رَن وے بھی ہو گا جہاں بڑے مسافر طیارے بھی لینڈ کر سکیں گے۔

تاہم انہوں نے واضح کیا ہے کہ بین الااقوامی پروازوں کا فوری آپریشن کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ممکن نہیں کیونکہ کوویڈ کے تناظر میں یورپی یونین، ترکی اور دیگر خلیجی ریاستوں نے پاکستان کو بدستور ریڈ لسٹ میں رکھا ہوا ہے۔

سول ایوی ایشن کے سربراہ نے امید ظاہر کی کہ کورونا کی صورت حال میں جلد بہتری آئے گی اور جوں ہی صورت حال بہتر ہوئی تو فوری طور پر سکردو ایئرپورٹ سے انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن شروع ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن شروع ہونے سے گلگت بلستان میں سیاحتی شعبے کو نیا عروج ملے گا اور ملکی زرمبادلہ میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔

یاد  رہے کہ سکردو ایئرپورٹ پر فی الحال مقامی پروازین اڑانے اور اتارنے کی اجازت ہے، رواں موسم گرما کے دوران پی آئی اے نے روزانہ چھ پروازیں سکردو کیلئے چلائیں جس کے بعد سکردو ایئرپورٹ ملک کے مصروف ترین ایئرپورٹس میں شامل ہو گیا۔

اس سے قبل ہفتہ میں صرف پانچ پروازیں ہی سکردو آتی تھیں، اب سکردو ایئرپورٹ سے کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد اور سیالکوٹ کیلئے بھی فلائٹ آپریشن شروع ہو چکا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here