روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے ذریعہ ترسیلات زر 2 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں

جولائی کے اختتام تک آر ڈی اے کے تحت ایک لاکھ 99 ہزار 747 اکاونٹس کھولے گئے، نیا پاکستان سرٹیفیکیٹس میں 76 کروڑ 30 لاکھ ڈالر، روایتی اسلامی بنکنگ میں 51 کروڑ 50 لاکھ ڈالر اور سٹاک ایکسچینج میں ایک کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی،  سٹیٹ بینک

1170

اسلام آباد: بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کیلئے متعارف کرائے گئے روشن ڈیجیٹل اکائونٹس (آر ڈی اے) کے ذریعہ ترسیلات زر نے صرف 11 ماہ کے عرصہ میں 2 ارب ڈالر کا ہدف عبور کر لیا۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے ترجمان نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ 13 اگست کو روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے کھاتوں کا حجم  2 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔

جولائی 2021ء کے اختتام تک مجموعی طور پر ایک لاکھ 99 ہزار 747 اکاونٹس کھولے گئے جبکہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے ذریعے نیا پاکستان سرٹیفیکیٹس میں 76 کروڑ 30 لاکھ ڈالر، روایتی اسلامی بنکنگ میں 51 کروڑ 50 لاکھ ڈالر اور سٹاک ایکسچینج میں ایک کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔

ترجمان نے روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کو پذیرائی دینے پر سمندر پار پاکستانیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیے: 

مسلسل چودھویں ماہ ترسیلات زر 2 ارب ڈالر سے زائد رہنے کا ریکارڈ برقرار

اوورسیز پاکستانیوں کو ترسیلات زر بھیجنے کیلئے مزید پرکشش مراعات دینے کا فیصلہ

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ ای سی سی نے ترسیلات زر میں اضافہ کیلئے 13.1 ارب روپے کی زرِاعانت کی منظوری دی تھی، روشن ڈیجیٹل اکائونٹس اسی زرِ اعانت سے استفادہ کرنے والی سکیموں میں شامل ہے۔

واضح رہے کہ رواں مالی سال 2021-22ء کے پہلے مہینے (جولائی) کے دوران بیرون ملک مقیم کارکنوں کی جانب سے ترسیلات زر 2 ارب ڈالر سے زائد رہنے کا ریکارڈ مسلسل چودہویں مہینے بھی برقرار رہا۔

سٹیٹ بینک سے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ جولائی کے مہینے میں آنے والی ترسیلات زر کی دوسری بلند ترین سطح ہے، نمو کے لحاظ سے ترسیلات زر پچھلے ماہ (جون) کے مقابلے میں 0.7 فیصد بڑھیں اور جولائی 2020ء کے مقابلے میں 2.1 فیصد کم ہوئیں۔

جولائی 2021ء کے دوران ترسیلات زر کا مجموعی حجم 2 ارب 71 کروڑ ڈالر رہا، سعودی عرب میں مقیم کارکنوں نے سب سے زیادہ 64 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر وطن ارسال کیں۔

ایس بی پی کے مطابق متحدہ عرب امارات سے 53 کروڑ 10 لاکھ ڈالر، برطانیہ سے 39 کروڑ 30 لاکھ ڈالر اور امریکہ سے 31 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here