اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کو مختلف بلاکس میں تیل اور گیس کی تلاش کے لئے 5 لائسنس جاری کر دیے گئے ہیں۔
اس سلسلہ میں سوموار کو منعقدہ تقریب میں سیکرٹری پٹرولیم ڈویژن ڈاکٹر ارشد محمود، ڈائریکٹر جنرل پٹرولیم کنسیشنز عبدالجبار میمن اور منیجنگ ڈائریکٹر او جی ڈ ی سی ایل شاہد سلیم نے لائسنسوں کے اجراء کے لئے معاہدوں پر وزیر توانائی حماد اظہر کی موجودگی میں دستخط کئے۔
آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی کو دیئے گئے بلاکس میں بلاک نمبر26-3372 (حضرو)، بلاک نمبر 7-2972 (وہاڑی)، بلاک نمبر 8-2972 (ستلج)، بلاک نمبر 23-2672 (کھیواڑہ ایسٹ) اور بلاک نمبر 1-3471 (نوشہرہ) شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیے:
خیبرپختونخوا میں تیل وگیس کے نئے ذخائر دریافت
تیل و گیس کی تلاش کیلئے مزید 6 بلاکس کے لائسنس جاری
’تیل و گیس کی تلاش کیلئے 25 بلاکس نیلام، مزید 15 اگلے سال نیلام ہوں گے‘
اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کا کہنا تھا کہ حکومت درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنا چاہتی ہے، اگلے چند سالوں میں ملک میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر سے پیداوار شروع ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ تیل اور گیس کی تلاش کے لئے جاری ہونے والے لائسنسوں سے نہ صرف سرمایہ کاری بڑھے گی بلکہ ملک میں توانائی کی طلب و رسد کو بھی پورا کرنے میں مدد ملے گی۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ جن علاقوں سے تیل اور گیس کے ذخائر ملیں گے ان علاقوں کی سماجی اور اقتصادی ترقی کے لئے آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی کثیر رقم خرچ کرے گی۔ امید ہے کہ ان پانچ نئے بلاکس میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوں گے۔
واضح رہے کہ 31 جولائی کو آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی نے خیبرپختونخوا میں ولی بلاک کاوا گڑھ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت کرنے کا اعلان کیا ہے۔
او جی ڈی سی ایل کے اعلامیہ کے مطابق ولی بلاک سے 11.8 ایم ایم سی ایف ڈی گیس اور 945 بیرل یومیہ خام تیل دریافت ہوا ہے جس کے لیے کاوا گڑھ فارمیشن میں 4 ہزار 727 میٹر تک ڈرلنگ کی گئی تھی۔
اس سے قبل مارچ 2021ء میں وزارت پٹرولیم نے تیل و گیس کی تلاش کیلئے چھ بلاکس کے لائسنس جاری کیے تھے۔ ان میں سے تین بلاک آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی نے حاصل کئے، دو بلاکس کا لائسنس او جی ڈی سی ایل اور ماڑی پٹرولیم نے مشترکہ طور پر لیا جبکہ ایک بلاک پر او جی ڈی سی ایل کی پاکستان پٹرولیم کمپنی کیساتھ شراکت داری ہوئی۔