ایئرلنک کمیونی کیشن کا شئیرز کی فروخت کا فیصلہ، 5.85 ارب روپے آمدن کا امکان

2012ء سے لے کر 2021ء تک کے دوران ائیرلنک کی سیلز 14 کروڑ سے بڑھ کر 47 ارب روپے تک پہنچ چکی ہیں، آئی پی او کے بعد آئندہ مالی سال میں کمپنی کی سیلز میں  50 فیصد اضافہ متوقع ہے

1059

اسلام آباد: ایئرلنک کمیونی کیشن نے اپنے شئیرز کی فروخت کے ذریعے 5 ارب 85 کروڑ روپے (3 کروڑ 60 لاکھ ڈالر) آمدن کی منصوبہ بندی کی ہے۔

معروف عالمی جریدے بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق کمپنی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ پاکستان سٹاک ایکسچینج کے ذریعے اپنے 6 کروڑ شئیرز کی فروخت کے ذریعے فنڈز اکٹھے کرے گی۔

ائیر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ کے سی ای او حیات پراچہ کے مطابق ’کمپنی حکومت کی ’میڈ اَن پاکستان‘ پالیسی سے فائدہ اٹھانے کیلئے اپنے ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کو مزید وسعت دینا چاہتی ہے، مطلوبہ فنڈز کا حصول ممکن بنانے کیلئے کمپنی 65 روپے کے حساب سے شئیرز کی فروخت کا ارادہ رکھتی ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے:

چائنا ٹیلی کام کی شنگھائی سٹاک میں متوقع آئی پی او سے 8.4 ارب ڈالر آمدن کا امکان

کین بنانے والی واحد کمپنی کا آئی پی او، بک بلڈنگ مرحلے میں ہی تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے

ایک رپورٹ کے مطابق ائیرلنک کمیونیکیشن کے پاس اس وقت پاکستان کے 300 شہروں 4 ہزار سے زائد ریٹیلرز اور ایک ہزار سے زائد ہول سیلرز کا نیٹ ورک موجود ہے جبکہ کمپنی 5 شہروں میں 14 ریٹیل سٹورز چلا رہی ہے۔

2012ء سے لے کر 2021ء تک کے دوران ائیرلنک کی سیلز 14 کروڑ سے بڑھ کر 47 ارب روپے تک پہنچ چکی ہیں اور کمپنی کے سی ای او حیات پراچہ پرامید ہیں کہ آئی پی او کے بعد آئندہ مالی سال میں کمپنی کی سیلز میں  50 فیصد اضافہ ہو گا۔

ائیرلنک کمیونیکیشن بین الاقوامی ٹیکنالوجی کمپنیوں ایپل، سام سنگ، ہواوے، ٹیکنو، آئی ٹیل، ایم آئی اور ٹی سی ایل کی شراکت دار ہے، پاکستان میں سام سنگ موبائل فونز کی اسمبلنگ سے ائیرلنک کی پیداواری صلاحیت بھی دوگنا ہو جائے گی۔

کمپنی نے مارچ 2021ء میں خود بھی سمارٹ فون پروڈکشن کا آغاز کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس سلسلے میں ایک چھوٹے پروڈکشن یونٹ سے کام شروع کیا تھا جہاں سالانہ 60 لاکھ سمارٹ فون بنائے جائیں گے۔

واضح رے کہ سال 2019ء میں پاکستانی ٹیکسٹائل کمپنی انٹرلوپ لمیٹڈ نے سٹاک ایکسچینج کے ذریعے شئیرز کی فروخت سے 5 ارب روپے کے فنڈز اکٹھے کئے تھے، یہ پاکستان میں اب تک کی سب سے بڑی آئی پی او تھی۔

اس طرح 2019ء کے بعد پاکستان سٹاک ایکسچینج سے آئی پی او کے ذریعے ایئر لنک کمیونی کیشن لمیٹڈ کی سب سے بڑی فنڈز وصولی کرے گی جس کا حجم پانچ ارب 85 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here