گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان میں کل کتنے موٹرسائیکل اور رکشے فروخت ہوئے؟

جولائی 2020ء لے کر 30 جون 2021ء تک ملک بھر میں ہنڈا موٹرسائیکلوں کی فروخت میں 47.85 فیصد، سوزوکی 43.63 فیصد، یاماہا 2.85 فیصد، یونائیٹڈ 24.76 فیصد اور روڈ پرنس کی فروخت 29.58 فیصد تک بڑھی جبکہ راوی موٹر سائیکلوں کی فروخت 52.01 فیصد کم ہو گئی، پاکستان آٹوموبائل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن

1221

اسلام آباد: گزشتہ مالی سال 21-2020ء کے دوران موٹر سائیکلوں اور تھری وہیلرز کی فروخت میں 39 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان آٹوموبائل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن (پاما) کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2019-20ء کے دوران موٹر سائیکلوں اور تھری وہیلرز کی فروخت کا حجم 13 لاکھ 70 ہزار 5 یونٹ رہا تھا تاہم گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے دوران موٹر سائیکلوں اور رکشوں کی فروخت 19 لاکھ 3 ہزار 932 یونٹ تک بڑھ گئی۔

اس طرح مالی سال 2019-20ء کے مقابلہ میں گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے دوران موٹر سائیکلوں اور تھری وہیلرز کی فروخت میں 5 لاکھ 33 ہزار 927 یونٹ یعنی 38.97 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

کاروں کی فروخت میں 62 فیصد، کار فنانسنگ میں 41 فیصد اضافہ

حکومت کا گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا اعلان، قیمتیں کتنی کم ہوں گی؟

پاکستان میں کاریں بنانے والی تین بڑی کمپنیوں نے 8 سالوں میں کتنا ٹیکس دیا؟

پاما کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال میں ہونڈا موٹر سائیکلوں کی فروخت میں 47.85 فیصد اضافہ ہوا، مالی سال 2019-20ء کے دوران ہونڈا کی 8 لاکھ 73 ہزار 902 یونٹ موٹرسائیکلیں فروخت ہوئی تھیں تاہم مالی سال 2020-21ء کے دوران فروخت 12 لاکھ 92 ہزر 96 یونٹ تک بڑھ گئی۔

اس طرح سوزوکی موٹر سائیکلوں کی فروخت میں بھی 43.63 فیصد اضافہ ہوا، یاماہا موٹر سائیکلز کی فروخت میں 2.85 فیصد اضافہ ہوا تاہم راوی موٹر سائیکلز کی فروخت 52.01 فیصد کم ہو گئی اور یونائیٹڈ آٹو موٹر سائیکل کی فروخت 24.76 فیصد اور روڈ پرنس موٹر سائیکلز کی فروخت 29.58 فیصد تک بڑھ گئی۔

پاما کے مطابق مالی سال 2020ء کے مقابلہ میں مالی سال 2021ء میں روڈ پرنس رکشوں کی فروخت میں 1.97 فیصد کمی جبکہ ساز گار رکشوں کی فروخت میں 27.62 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح چنگ چی رکشوں کی فروخت میں بھی 45.45 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وبا کے باوجود گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے دوران پاکستان کے آٹو سیکٹر میں تیزی دیکھی گئی ہے اور 13سو سی سی اور اس سے زیادہ پاور کی کاروں کی پیداوار میں 98.88 فیصد اور فروخت میں 90.66 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

آل پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2020ء سے جون 2021ء تک ملک میں 1300 سی سی اور اس سے زیادہ پاور کی 75 ہزار 942 یونٹس کاروں کی پیداوار ریکارڈ کی گئی۔

یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے مقابلے میں 98.88 فیصد زیادہ ہے، جولائی 2019ء سے لے کر جون 2020ء تک کی مدت میں ملک میں 1300 سی سی اور اس سے زیادہ پاور کی 38 ہزار 184 یونٹس کاروں کی پیداوار ریکارڈ کی گئی تھی۔

آل پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے دوران ملک میں 1300 سی سی اور اس سے زیادہ پاور کی 75 ہزار 97 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو پیوستہ مالی سال 2019-20ء کے 39 ہزار 386 یونٹس کاروں کے مقابلے میں 90.66 فیصد زیادہ ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here