لاہور: پنجاب حکومت نے لاہور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل سی بی ڈی ڈی اے) کو والٹن ایئرپورٹ کی زمین 99 سالہ لیز پر الاٹ کر دی۔
لاہور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی ملک کے ترجمان کے مطابق اتھارٹی حکومتی وژن کے ساتھ ہم آہنگ ہے جو کاروباری کمیونٹی کو ساتھ ملا کر شہروں کو جدت فراہم کرنے کیلئے بین الاقوامی طرز پر بہترین انفراسٹرکچر کو فروغ دے گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پرانے والٹن ایئرپورٹ کو شہر کے وسط سے منتقل کرنا انتہائی اہم اقدام ہے، اس طرح کی کاوشیں ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مجموعی کلچر کو تبدیل کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیے:
لاہور کی طرز پر راولپنڈی میں بھی بزنس ڈسٹرکٹ قائم کرنے کا منصوبہ
لاہور: وزیراعظم نے سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا، 6 ہزار ارب کا فائدہ ہو گا
اس سے قبل 16 جون 2021ء کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں لاہور والٹن ائیرپورٹ کے مقام پر سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے قیام کے بعد معاشی سرگرمیوں سے حاصل ہونے والی آمدنی کی تقسیم کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
اس حوالے سے وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ والٹن ائیرپورٹ کی کل اراضی میں سے 52 ایکڑ سول ایوی ایشن اتھارٹی جبکہ 70 ایکڑ حکومت پنجاب کی ملکیت ہے، اس لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ آمدنی کا 42.6 فیصد سول ایوی ایشن جبکہ 57.4 فیصد پنجاب حکومت کو ملے گا۔
واضح رہے کہ 26 فروری 2021ء کو وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں والٹن ائیرپورٹ کی جگہ سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ قائم کرنے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا، منصوبے کے بارے میں انہوں نے کہا تھا کہ جب والٹن ایئرپورٹ ڈی نوٹیفائی ہو گا تو اس سے کمرشل ویلیو کی مد میں 6 ہزار ارب روپے کا فائدہ ہو گا۔
سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے قیام سے کاروباری سرگرمیوں اور زرمبادلہ میں کئی گنا اضافہ ہو گا، پہلے مرحلے میں 1300 ارب روپے آمدن ہو گی جس سے صوبائی و وفاقی حکومت اور ریلوے کی آمدن میں بھی اضافہ ہو گا جبکہ وفاقی حکومت کو 250 ارب روپے ٹیکس حاصل ہو گا۔