لاہور کی طرز پر راولپنڈی میں بھی بزنس ڈسٹرکٹ قائم کرنے کا منصوبہ

لئی بزنس ڈسٹرکٹ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت چلایا جائے گا جس میں حکومت صرف اراضی فراہم کرے گی، وزیراعظم کو بریفنگ

573

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں لئی بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے اور گوجرانوالہ میں ترقیاتی منصوبوں سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا، منصوبوں سے متعلقہ اہداف کا حصول مقررہ اور طے شدہ مدت کے اندر یقینی بنایا جائے۔

جمعہ کو قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاﺅسنگ، تعمیرات و ترقی کا  اجلاس وزیراعظم کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کو راولپنڈی لئی بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے کے بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر سلمان شاہ نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ اس منصوبے سے راولپنڈی نالہ لئی کے دونوں اطراف ایکسپریس وَے کی تعمیر، نالہ لئی کی صفائی اور اطراف میں بزنس ڈسٹرکٹ کی تعمیر شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

لاہور: وزیراعظم نے سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا، 6 ہزار ارب کا فائدہ ہو گا

لاہور کے والٹن سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کی زمین کس کی ملکیت، آمدن میں کس کا کتنا حصہ ہو گا؟

انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کی بدولت سیلابی صورت حال سے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ممکن ہو سکے گا اور یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت چلایا جائے گا جس میں حکومت صرف اراضی فراہم کرے گی۔ منصوبے کے تحت مجوزہ بزنس ڈسٹرکٹ سے کثیر معاشی فوائد کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

اجلاس کو لئی بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے کے لئے درکار قانونی ترامیم، انتظامی ڈھانچے اور ٹائم لائنز کے بارے بھی آگاہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت لاہور کے والٹن ائیرپورٹ کی جگہ سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ قائم کرنے کا منصوبہ شروع کر چکی ہے جس کا سنگ بنیاد وزیراعظم عمران خان نے 26 فروری کو رکھا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ جب والٹن ایئرپورٹ ڈی نوٹیفائی ہو گا تو اس سے کمرشل ویلیو کی مد میں چھ ہزار ارب روپے کا فائدہ ہو گا۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے اجلاس کو گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ پلان پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گوجرانوالہ کے لئے مالی سال 22-2021ء کے صوبائی اور وفاقی ترقیاتی پروگرام میں 40 منصوبے شامل کئے گئے ہیں جن میں زراعت، صنعت، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، ماحولیاتی تحفظ، پینے کا پانی اور سیوریج سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔

وزیراعظم نے دونوں منصوبوں کی افادیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا اور شہریوں کو براہ راست فوائد حاصل ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ منصوبہ بندی کو موثر بنانے کے لئے پرائیوٹ سیکٹر کے ماہرین سے رائے لی جائے، منصوبوں سے بہترین معاشی فوائد حاصل کرنے کے لئے متبادل پلان بنائے جائیں۔ سرکاری اراضی واگزار کرانے کو ترجیح دی جائے۔ منصوبوں سے متعلق اہداف کو مقررہ اور طے شدہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔

اجلاس میں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب، معاونین خصوصی امین اسلم، شہباز گل، چیئرمین نیا پاکستان ہاﺅسنگ اتھارٹی انور علی حیدر اور سینئر افسران نے شرکت کی جبکہ ویڈیو لنک کے ذریعے وزیر ہاﺅسنگ پنجاب محمود الرشید، مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ اور چیف سیکرٹری پنجاب بھی شریک تھے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here