اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ’ریمیٹینس لائیلٹی پروگرام‘ اور ’روشن اپنا گھر سکیم‘ شروع کرنے کا عندیہ

لائیلٹی پروگرام کے ذریعے اوورسیز پاکستانیوں اور ان کے خاندانوں کو پی آئی اے، ایف بی آر، نادرا، سٹیٹ لائف، او پی ایف، بنیوولینٹ اینڈ اولڈ ایج ایمپلائیز فنڈ و دیگر سرکاری اداروں سے مراعات میسر آئیں گی

1475

اسلام آباد: حکومت نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مراعات دینے کیلئے جلد نیشنل ریمیٹینس لائیلٹی پروگرام اور روشن اپنا گھر سکیم شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

ترسیلات زر میں اضافے کے حوالے سے خصوصی اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں وزیر خزانہ، وزیر اقتصادی امور، مشیر تجارت، معاونین خصوصی برائے نیشنل سیکورٹی، ریونیو و دیگر سینئر حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں ترسیلات زر میں اضافے اور ملکی معیشت کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے بیرون ملک پاکستانیوں کی بھیجی جانے والی رقوم پر مراعات، روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کی کامیابی، آئی ٹی برآمدات میں اضافہ، غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مختلف ممالک اور اداروں کے ساتھ معاہدوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کے حوالے سے متعلقہ معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

سٹیٹ بنک کی جانب سے اجلاس کو بتایا گیا کہ ترسیلات زر کی مد میں حکومت کی جانب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پرکشش مراعات دینے کی حکومتی پالیسی کے خاطر خواہ ثمرات برآمد ہو رہے ہیں۔ روشن ڈیجیٹل اکائونٹ میں صرف 10 ماہ کے قلیل عرصے میں 1.561 ارب ڈالر موصول ہو چکے ہیں اور ان میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مالی سال 2018ء سے اب تک کورونا وبا کے باوجود ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ ہوا ہے جو کہ بیرون ملک پاکستانیوں کا موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لئے جلد “نیشنل ریمیٹینس لائیلٹی پروگرام” کا اجراء کر دیا جائے گا، اس پروگرام کے ذریعے ایک موبائل ایپلی کیشن متعارف کرائی جائے گی اور ترسیلات زر بھجوانے والے پاکستانیوں کو مزید مالی مراعات فراہم کی جائیں گی۔

اس پروگرام کا اجرا پی آئی اے، ایف بی آر، نادرا، سٹیٹ لائف، او پی ایف، بنیوولینٹ اینڈ اولڈ ایج ایمپلائیز فنڈ و دیگر سرکاری اداروں کے اشتراک سے کیا جائے گا اور اس پروگرام سے وابستہ بیرون ملک پاکستانیوں کو مذکورہ اداروں سے مراعات میسر آئیں گی۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے جلد “روشن اپنا گھر” سکیم کا اجراء کر دیا جائے گا۔

مشیر تجارت نے مختلف شعبوں میں برآمدات میں ممکنہ اضافے خصوصاََ آئی ٹی کے شعبے میں ملکی استعداد کو بروئے کار لانے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے بتایا گیا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے حکومتی سطح پر ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے اور کاروبار کرنے میں مزید آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے کوششیں جاری ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا بیش قیمت اثاثہ ہیں۔ ان کی بھیجی جانے والی ترسیلات زر کا معیشت کے استحکام میں کلیدی کردار ہے۔ وطن کی تعمیر و ترقی میں حصہ ڈالنے والے مقیم پاکستانیوں اور ان کے خاندانوں کو سہولیات اور مراعات فراہمی کے لئے حکومت پرعزم ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ترسیلات زر کے ضمن میں مزید مراعات فراہم کرنے پر غور کیا جائے، معاشی ترقی اور بڑھتے ہوئے شرح نمو کو مد نظر رکھتے ہوئے زرمبادلہ و دیگر معاشی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے مفصل و منظم منصوبہ بندی کی جائے۔

وزیرِ اعظم نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ ترسیلات زر کے ضمن میں مختلف شعبوں میں مستقبل کے اہداف مرتب کرکے ان کے حصول کے حوالے سے حکمت عملی تشکیل دی جائے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here