‘اچھا مواد بنانے کا موقع’، ٹک ٹاک ویڈیوز کا دورانیہ 3 منٹ کر دیا گیا

495

بیجنگ: دنیا بھر میں مختصر ویڈیوز کیلئے مشہور سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک نے اپنے صارفین کے لیے وڈیوز بنانے کے دورانیہ کو ایک منٹ سے بڑھا کر تین منٹ کر دیا ہے۔

میڈیا رپوڑٹس کے مطابق ٹک ٹاک کی مالک کمپنی بائٹ ڈانس کے پروجیکٹ منیجر ڈریو کرہوف نے بتایا کہ ٹک ٹاک صارفین کو آئندہ ہفتوں میں ایک منٹ کے دورانیے کو بڑھا کر 3 منٹ کی وڈیو بنانے کا آپشن دستیاب ہو گا جس کی وجہ سے ٹک ٹاکرز کو بہتر اور اچھا مواد بنانے کا موقع ملے گا۔

واضح رہے کہ ٹک ٹاک چین کی ٹیکنالوجی کمپنی بائٹ ڈانس کی ملکیت ہے اور اسے دنیا بھر سے تقریباََ ایک ارب صارفین استعمال کرتے ہیں جب کہ یہ پلیٹ فارم نوجوانوں میں زیادہ مقبول ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ٹک ٹاک نے پاکستانی صارفین کی 64 لاکھ سے زائد ویڈیوز ہٹا دیں

ٹک ٹاک جہاں دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا مقابلہ کرنے کیلئے ویڈیوز بنانے کا دورانیہ بڑھا رہی ہے وہیں نگرانی کے عمل کو بھی مزید سخت بنا رہی ہے۔

یکم جولائی کو ٹک ٹاک کا اپنی سہ ماہی ٹرانسپیرنسی رپورٹ میں کہنا تھا کہ جنوری تا مارچ 2021ء کے عرصے میں دنیا بھر میں کمیونٹی گائیڈلائنز اور ٹرمز اور سروس کی خلاف ورزی پر 6 کروڑ 19 لاکھ 51 ہزار 327 ویڈیوز کو ایپ سے ہٹایا گیا، یہ تعداد ایپ پر اپ لوڈ کی گئی ویڈیوز کی مجموعی تعداد کے ایک فیصد سے بھی کم ہے۔

ٹک ٹاک نے اِن وڈیوز میں سے 91.3 فیصد ویڈیوز استعمال کرنے والوں کی جانب سے رپورٹ کیے جانے سے قبل ہٹائیں جبکہ 81.8 فیصد ویڈیوز دیکھے جانے سے قبل ہٹائی گئیں اور 93.1 فیصد ویڈیوز کو پوسٹ کیے جانے کے 24 گھنٹوں کے اندر ہٹایا گیا۔

پاکستانی مارکیٹ میں ٹک ٹاک نے 64 لاکھ 95 ہزار 992 ویڈیوز بھی مختلف وجوہات کی بناء پر ہٹا دیں، اِس طرح پاکستان دوسری بڑی مارکیٹ بن گیا جہاں تین ماہ کے دوران امریکا کے بعد سب سے زیادہ ویڈیوز ہٹائی گئیں۔

جنوری سے مارچ کے دوران امریکا میں ٹک ٹاک نے 85 لاکھ 40 ہزار 88 ویڈیوز ڈیلیٹ کیں، یوں امریکا اس لحاظ سے پہلے نمبر پر جہاں ٹک ٹاک کی کمیونٹی گائیڈ لائنز، ٹرمز آف سروس کی سب سے زیادہ خلاف ورزی دیکھی گئی اور کورونا اور اس کی ویکسین کے بارے میں سب سے زیادہ گمراہ کن مواد ٹک ٹاک پر پوسٹ کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here