سام سنگ پاکستان آ رہی ہے یا نہیں؟ مشیر تجارت رزاق دائود کی وضاحت

1001

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ کورین ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے پاکستانی کمپنی لکی موٹر کارپوریشن کے ساتھ مل کر بہت جلد پاکستان میں موبائل ڈیوائسز تیار کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔

جمعرات کو ایک ٹویٹ میں مشیر تجارت نے وضاحت کی کہ میڈیا کے بعض حصوں میں پاکستان میں سام سنگ کی جانب سے موبائل سازی کے یونٹ کے قیام سے متعلق اُن سے غلط طور پر منسوب ایک بیان سامنے آیا ہے۔

رزاق دائود نے کہا کہ وہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ سام سنگ نے اپنا پہلے والا فیصلہ تبدیل کر لیا ہے اور اَب سام سنگ نے مقامی شراکت دار لکی موٹر کارپوریشن کے ساتھ مل کر بہت جلد موبائل ڈیوائسز تیار کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ منگل کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کے اجلاس میں مشیر تجارت عبدالرزاق دائود نے بتایا تھا کہ ’’ہماری خواہش تھی کہ سام سنگ پاکستان آتی، ہم نے دو بار رابطہ کیا لیکن انہوں نے معذرت کر لی۔‘‘

رزاق دائود نے مزید کہا تھا کہ  ایک چینی کمپنی کراچی میں فیکٹری لگا رہی ہے جو موبائل فونز کی برآمدات شروع کرے گی اور پاکستان جنوری 2022ء میں موبائل فونز کی برآمدات شروع کر دے گا۔

اس سے قبل یہ خبریں سامنے آئیں تھیں کہ سام سنگ نے پاکستان میں موبائل فونز کی تیاری کیلئے لکی موٹر کارپوریشن (ایل ایم سی) کے ساتھ معاہدہ طے کر لیا ہے اور پاکستان میں سام سنگ موبائل فون کی پیداواری سہولت رواں سال دسمبر کے آخر تک مکمل ہونے کی امید ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here