علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا پہلا مرحلہ مکمل، 20 صنعتی یونٹوں نے پیداوار شروع کر دی

3 ہزار 300 ایکڑ اراضی پر پھیلے انڈسٹریل سٹی میں فرنیچر سٹی، گارمنٹس پارک، جدید کاروباری مراکز اور مقامی و غیر ملکی خریداروں کو راغب کرنے اور میڈ اِن پاکستان مصنوعات کی نمائش کے لئے ایک بڑا ایکسپو سینٹر بنایا جا رہا ہے: چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق

1741

اسلام آباد: چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت پنجاب کے پہلے میگا پراجیکٹ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا اور 20 صنعتی یونٹس نے پیداواری عمل شروع کر دیا۔

فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے چئیرمین میاں کاشف اشفاق نے بدھ کو برآمد کنندگان اور سرمایہ کاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کی ڈویلپمنٹ کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور وفاقی وزیر حماد اظہر،  مشیر تجارت عبدالرزاق داد اور وزیر صنعت پنجاب میاں محمد اسلم اقبال کو ہدایت کی ہے کہ گیس، بجلی، سڑکیں، سوک سنٹر وغیرہ جیسے بنیادی ڈھانچے کی فراہمی کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تقریباََ 20 صنعتی یونٹوں نے اپنی پیداوار شروع کر دی ہے جو علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے پہلے مرحلے کی ایک تہائی اراضی پر قائم کیے گئے ہیں جبکہ باقی حصے پر رواں سال کے اختتام تک مزید صنعتیں قائم کر دی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیے:

جاپان کا پاکستان میں صنعتی تعاون کے 7 تکنیکی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

سنگاپور کے سرمایہ کاروں کو سی پیک کے خصوصی اقتصادی زونز میں صنعتیں لگانے کی دعوت

ہری پور میں مشروب ساز کمپنی کے صنعتی یونٹ کا سنگ بنیاد، حطار میں نئے سٹیل پلانٹ کا افتتاح

چیئرمین فیڈمک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کو صنعتی پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا وقت کم سے کم کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ تمام سرمایہ کاروں کو وَن ونڈو آپریشن کے ذریعے سہولت فراہم کی جا رہی ہیں۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ 3 ہزار 300 ایکڑ اراضی پر پھیلے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کو تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے جس میں فرنیچر سٹی، گارمنٹس پارک، جدید کاروباری مراکز اور مقامی اور غیر ملکی خریداروں کو راغب کرنے اور میڈ اِن پاکستان مصنوعات کی نمائش کے لئے ایک بڑا ایکسپو سینٹر شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صنعتی پلاٹس برآمدی اور درآمدی صنعتوں کے متبادل انڈسٹری اور مقامی صنعتوں کی ری لوکیشن کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی شفاف پالیسی کے مطابق الاٹ کئے جا رہے ہیں۔

میاں کاشف نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ روز وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں شرکت کی، وزیراعظم ملک کے مستقبل کے بارے میں پُرامید ہیں اور قومی معیشت کو مستحکم کرنے اور صنعتی پیداوار کو فروغ دینے کے لئے غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کو بہترین مراعاتی پیکیج دینے کے لئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی یونٹوں کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے وزیراعظم  500 میگاواٹ گرڈ سٹیشن اور 40 ایم ایم سی ایف گیس کی منظوری دے چکے ہیں۔ پہلے مرحلے کی تکمیل پر اب تک 7.5 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here