اسلام آباد: پاکستان میں سٹارٹ اپس دن دگنی رات چوگنی ترقی کر رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ سال 2021 کی پہلی ششماہی (جنوری تا جون) کے دوران پاکستانی سٹارٹ اپس میں 12 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی۔
جنوری تا جون 2021ء کے دوران پاکستانی سٹارٹ اپس میں کی جانے والی سرمایہ کاری کسی بھی ششماہی اور گزشتہ تین سالوں کے دوران کی جانے والی مجموعی سرمایہ کاری کے مقابلہ میں زیادہ رہی۔
انویسٹمنٹ ایڈوائزری فرم الفا بیٹا کور کی رپورٹ کے مطابق جاری سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران سب سے زیادہ تین کروڑ 90 لاکھ ڈالر سرمایہ کاری ای کامرس سٹارٹ اپس میں کی گئی جو چھ ماہ کے دوران کی جانے والی مجموعی سرمایہ کاری کے 30 فیصد کے مساوی ہے۔
اسی طرح سرمایہ کاری متوجہ کرنے والا دوسرا اہم شعبہ فِن ٹیک رہا ہے جس میں تین کروڑ ڈالر یعنی مجموعی سرمایہ کاری کے 23 فیصد کے مساوی سرمایہ کاری کی گئی اور فن ٹیک کے شعبہ نے یہ فنڈز عام ای منی پلیٹ فارمز سے حاصل کئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے:
تین پاکستانی سٹارٹ اپس نے جی ایس ایم اے فنڈ کی 6 لاکھ 68 ہزار پائونڈ گرانٹ جیت لی
پاکستان میں سٹارٹ اپ کے فنڈنگ کے حصول کے لیے امریکی ڈگری کی ضرورت کیوں؟
سٹارٹ اپس کیلئے بیرونِ ملک سے فنانسنگ جمع کرنے کیلئے کنورٹیبل ڈیٹ کی سہولت متعارف
سٹیٹ بینک: سٹارٹ اپس، فن ٹیک اور برآمدات کے فروغ کیلئے فارن ایکسچینج ریگولیشنز میں ترمیم
اعدادوشمار کے مطابق ٹرانسپورٹ سے متعلق سٹارٹ اپس میں چھ ماہ کے دوران مجموعی سرمایہ کاری کی 16 فیصد، تعلیم میں 10 فیصد، صحت میں 7 فیصد اور دیگر شعبوں سے متعلق سٹارٹ اپس میں 14 فیصد سرمایہ کاری کی گئی۔
مزید برآں اس عرصہ کے دوران سرمایہ کاری کی ڈیلز کا اوسط حجم 35 لاکھ ڈالر رہا جو گزشتہ سال کے مقابلہ میں تین گنا زیادہ ہے۔
الفا بیٹا کور کی رپورٹ کے مطابق سال 2021ء کے پہلے چھ ماہ کے دوران زیادہ تر سٹارٹ اپس کو ’سیریز اے فنڈنگ‘ ملی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کی سٹارٹ اَپ مارکیٹ پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔
کسی سٹارٹ اپ کو سیریز اے فنڈنگ اُس وقت ملتی ہے جب اس کا ٹریک ریکارڈ شاندار بن چکا ہو اور وہ ترقی کے راستے پر گامزن ہو چکا ہو، رواں سال کی پہلی ششماہی میں 57 فیصد سٹارٹ اَپس کو سیریز اے فنڈنگ، 36 فیصد کو سیڈ فنڈنگ اور 6 فیصد کو پری سیڈ فنڈنگ ملی۔
میگنٹ (Magnitt) کی ’’ایمرجنگ وینچرز مارکیٹس رپورٹ‘‘ کے مطابق پاکستانی سٹارٹ اپس کے ساتھ سرمایہ کاروں کی ڈیلز میں 45 فیصد اضافہ ہوا، وینچرز کیپٹل فنڈنگ 63 فیصد بڑھی جبکہ مجموعی فنڈنگ میں 97 فیصد اضافہ دیکھا گیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں سٹارٹ اپ ایکو سسٹم مضبوط ہو رہا ہے۔
انوسیٹ ٹو انوویٹ وینچرز (Invest2Innovate Ventures) کی رپورٹ کے مطابق سال 2021ء کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران وینچر کیپٹل کی مد میں سرمایہ کاروں نے پاکستانی سٹارٹ اپس میں 85 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جو سال 2020ء میں 66 ملین ڈالر تھی۔
حال ہی میں جاری ہونے والے ’’گلوبل سٹارٹ اپس ایکوسسٹم انڈیکس 2021ء‘‘ کے مطابق سٹارٹ اَپس میں سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان کی صورت حال میں 7 درجے بہتری ہوئی اور یہ دنیا کے پہلے 75 ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا جبکہ ایشیا میں پاکستان دوسرے نمبر پر رہا ہے۔