پاکستان کا بھارت کیخلاف ایف اے ٹی ایف کے صدر سے رجوع کرنے پر غور

بھارتی وزیر خارجہ کے بیان سے نہ صرف بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہوا ہے بلکہ ایف اے ٹی ایف میں اس کے منفی کردار کے بارے میں پاکستان کے دیرینہ موقف کی بھی تائید ہوئی ہے: ترجمان دفتر خارجہ

907

اسلام آباد: پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھارت کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے اُس بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے جس میں بھارتی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ ’ ہماری کوششوں کے باعث پاکستان گرے لسٹ میں ہے۔‘

سوموار کو ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے عالمی سطح پر منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی اعانت پر سیاست کرنے کے اعتراف کے بعد پاکستان  فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے صدر سے رجوع کرنے پر غور کر رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق ’بھارتی وزیر خارجہ کے بیان سے نہ صرف بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہوا ہے بلکہ ایف اے ٹی ایف میں بھارت کے منفی کردار کے بارے میں پاکستان کے دیرینہ موقف کی بھی تائید ہوئی ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے:

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ

گرے لسٹ میں رکھے جانے کے بعد پاکستان نے ایف اے ٹی ایف پر سوالات اٹھا دیے

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ عالمی برادری کے سامنے یہ مسئلہ اجاگر کرتا آیا ہے کہ بھارت ایف اے ٹی ایف کو سیاسی طور پر استعمال کر رہا ہے اور فیٹف کے اصل مقاصد کے حصول کیلئے کوششوں کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ حالیہ بھارتی بیان تعصب پر مبنی کوششوں کا حصہ ہے جبکہ بھارت اپنے تنگ نظری پر مبنی سیاسی عزائم کی تکمیل کیلئے پاکستان کے خلاف ایک اہم تکنیکی فورم کو استعمال کرنے سے بھی باز نہیں آتا۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان ماضی میں بین الاقوامی برادری کے سامنے بھارت کے متنازعہ کردار کو بے نقاب کرتا رہا ہے اور بھارت کے حالیہ اعتراف کو بھی ایف اے ٹی ایف اور وسیع تر بین الاقوامی برادری کے نوٹس میں بھی لائے گا۔

اس حوالے سے فیٹف میں پاکستان کا مقدمہ لڑنے والے وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان کئی بار باور کرا چکا ہے کہ بھارت ایف اے ٹی ایف کو سیاسی مقصد کیلئے استعمال کر رہا ہے۔

اپنے ٹویٹ میں حماد اظہر نے کہا کہ بھارت ایف اے ٹی ایف کے مقاصد کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ ایف اے ٹی ایف بارے بھارتی وزیر خارجہ کا بیان پاکستانی موقف کی تصدیق کرتا ہے تاہم بھارتی سازشوں کے باوجود پاکستانی پیشرفت قابل ذکر ہے اور ہم اپنے عملی منصوبوں کو جلد مکمل کرلیں گے۔

بھارتی وزیر خارجہ نے کیا کہا؟

بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈروں کے سامنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہماری کوششوں کے باعث پاکستان گرے لسٹ میں ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ میں رکھنا وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت نے یقینی بنایا ہے۔

پاکستان گرے لسٹ میں برقرار

واضح رہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے 21 جون سے 25 جون تک جاری رہنے والے پیرس اجلاس میں پاکستان کے بارے میں ایشیا پیسیفک گروپ (اے پی جی) کی رپورٹ پر غور کیا تھا اور اجلاس کے اختتام پر ایف اے ٹی ایف کے صدر مارکس پلیئر نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ پاکستان بدستور گرے لسٹ میں شامل رہے گا۔

صدر ایف اے ٹی ایف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایکشن پلان 27 میں سے 26 نکات پر کام کیا ہے تاہم ایک نکتے پر کام کرنا ضروری ہے۔ مجموعی طور پر پاکستان کی پیشرفت پر اطمینان ہے، پاکستان کو سزا کے نظام کو بہتر بنانا ہو گا اور اقوام متحدہ کے نامزد کردہ 1373 دہشت گردوں کو سزائیں دینا ہوں گی، اس کے علاوہ ایکشن پلان کی آخری شرط سے منسلک 6 نکات پر عمل کرنا ہو گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here