لاہور: ہنڈائی نشاط موٹر پرائیویٹ لمیٹڈ نے پاکستان میں اپنے چوتھے سی کے ڈی ماڈل ہنڈائی سوناٹا (Sonata) کو باضابطہ طور پر لانچ کر دیا۔
ہنڈائی سوناٹا آٹھویں جنریشن کی لگژری سیڈان کار ہے جسے صارفین 7 جولائی سے ہنڈائی کی ڈیلرشپ سے بک کروا سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیے:
کابینہ اجلاس: چھوٹی گاڑیوں پر ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی ختم
رواں سال پاکستان میں ایک ہزار سی سی پاور کی کتنی کاریں فروخت ہوئیں؟
یکم جولائی سے پنجاب بھر میں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی بائیومیٹرک ٹرانسفر لازمی قرار
آٹو سیکٹر میں تیزی، پک اَپ گاڑیوں کی پیداوار میں 63 فیصد، فروخت میں 64 فیصد اضافہ
اس حوالے سے ہنڈائی نشاط موٹر پرائیویٹ لمیٹڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ ڈی سیڈان کیٹگری میں کار لانچ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں پاکستانی صارفین جدید ہنڈائی سوناٹا حاصل کر سکیں گے۔
قیمت
ہنڈائی سوناٹا کی آٹھویں جنریشن اس وقت دنیا بھر میں دستیاب ماڈل ہے۔ اسے دو مختلف ویرینٹس میں پیش کیا گیا ہے جس میں ایل ٹو 5 سمارٹ سٹریم MPi انجن ماڈل ہے جو 25 سو سی سی پاور کا ہے اور اس کی قیمت 70 لاکھ 99 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔
دوسرا ماڈل 2.0L MPI انجن کے ساتھ پیش کیا گیا ہے جو دو ہزار سی سی ہارس پاور کا ہے اور اس کی ایکس فیکٹری قیمت 63 لاکھ 99 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔
اس قیمت میں ہونڈائی سوناٹا مارکیٹ میں موجود ہونڈا اکارڈ اور ٹویوٹا کیمرے کو ٹکر دے سکتی ہے جن کی قیمتیں ایک کروڑ کے لگ بھگ ہیں۔
فیچرز
25 سو سی سی گاڑی میں 6 جبکہ دو ہزار سی سی گاڑی میں 2 ائیر بیگز دیے گئے ہیں جو کار کو مزید محفوظ بناتے ہیں۔ اس کے علاوہ دونوں ویرینٹس میں تمام فیچرز ایک جیسے ہیں۔
2500 سی سی کی رئیر ونڈو کیلئے آٹو ری ٹریکٹ ایبل (auto retractable) شیڈ دیا گیا ہے۔ بٹن دبانے پر شیڈ رئیر ونڈو کو ڈھانپ دے گا جس سے گاڑی میں دھوپ نہیں ہو سکے گی۔
دوسرا فیچر ہیڈ اَپ ڈسپلے ہے، اس فیچر کے ذریعے تمام معلومات ونڈ شیلڈ پر ٹرانسپیرنٹ امیج کی طرح نظر آئے گی، یعنی گاڑی کی سپیڈ، نیوی گیشن اور دیگر سیفٹی انفارمیشن ونڈ شیلڈ پر دیکھنے کو ملے گی۔
اس کے علاوہ آپ ٹچ سکرین کے ذریعے اس فیچر کو آن یا آف بھی کر سکتے ہیں یہاں تک کہ ڈسپلے کہاں ظاہر ہو اور آپ وہاں کون سی معلومات دیکھنا چاہتے ہیں اس کو بھی اپنی مرضی کے مطابق سیٹ کر سکتے ہیں۔
لگژری سیڈان (ڈی سیگمنٹ) کے زمرے میں ہنڈائی سوناٹا پہلی سی کے ڈی گاڑی ہو گی جو پاکستان میں دستیاب ہوگی جو کہ صارفین کیلئے ایک منفرد پیش کش ہے۔
صارفین کا اعتماد حاصل کرنے کے لئے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں ہنڈائی سوناٹا کی تین خصوصی پروگراموں میں رونمائی کا انعقاد کیا گیا۔
کمپنی کے مطابق تینوں بڑے شہروں میں منعقدہ تقریبات کو زبردست ردعمل ملا جہاں بہت ساری قابل ذکر شخصیات نے نئی ہنڈائی سوناٹا کی خصوصی رونمائی میں شرکت کی۔
اس سے قبل ہنڈائی نشاط موٹرز نے اگست 2020ء کو ایک ایس یو وی ٹکسن جبکہ فروری میں سانتا فے اور گرینڈ سٹاریکس پاکستان میں متعارف کرائی تھیں۔ ٹکسن کو جون 2020ء میں متعارف کرایا جانا تھا مگر کورونا وبا کے باعث تاخیر سے پیش کی گئی۔
خیال رہے کہ ہنڈائی اس سے قبل 2004ء تک پاکستان میں اپنی گاڑیاں اسمبل کرتی رہی تھی مگر اس کے مقامی اشتراک دار کمپنی فاروق موٹرز لمیٹڈ کے دیوالیہ ہونے کے بعد کورین کمپنی نے اسمبلنگ بند کردی تھی۔ 2017ء میں ہنڈائی نے نشاط گروپ کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے پاکستان میں اسمبلنگ پلانٹ کے قیام کا معاہدہ کیا تھا۔