لاہور: مالی سال 21۔2020ء میں پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) کی ٹیکس آمدن میں مالی سال 20۔2019ء کے مقابلے میں 32.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق پی آر اے نے جون 2021ء میں مقررہ ہدف سے 15 ارب 47 کروڑ روپے زیادہ محصولات اکٹھے کئے جس کے بعد جولائی 2020ء سے جون 2021ء تک کل ٹیکس محصولات 144 ارب 10 کروڑ تک پہنچ گئے جبکہ جولائی 2019ء سے جون 2020ء تک 108 ارب 59 کروڑ روپے ٹیکس اکٹھا کیا جا سکا تھا۔
پنجاب ریونیو اتھارٹی کے جاری اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 20۔2019ء کے مقابلے میں مالی سال 21۔2020میں ٹیکس وصولیاں 32.8 فیصد زیادہ رہیں، یوں پنجاب ریونیو اتھارٹی نے مالی سال 2020-21ء کے 141 ارب 15 کروڑ روپے کے ٹیکس ہدف کو حاصل کر لیا۔
یہ بھی پڑھیے:
سندھ ریونیو بورڈ کو مالی سال 2020-21ء میں 128 ارب روپے ٹیکس آمدن
کے پی ریونیو اتھارٹی نے مالی سال 2020-21ء کا ٹیکس ہدف کامیابی سے مکمل کر لیا
وبا اور معاشی سست روی کے باوجود ایف بی آر کو ریکارڈ 4.7 کھرب روپے ٹیکس آمدن
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پی آر اے کا ٹیکس ہدف 125 ارب تھا جو اس نے 11 ماہ میں پورا کر لیا تھا جس کے بعد ٹارگٹ کو بڑھا کر 141 ارب 15 کروڑروپے کر دیا گیا تھا جسے جون 2021ء میں پورا کر لیا گیا۔
اعدادوشمار کے مطابق جون 2020ء میں 9 ارب 55 کروڑ روپے اکٹھے ہوئے تھے اور جون 2021ء میں 15 ارب 47 کروڑ روپے کا ٹیکس اکٹھا کیا گیا جو جون 2020ء کے مقابلے میں 62 فیصد زیادہ ہے۔
پی آر اے کے ترجمان کے مطابق اگرچہ سروسز سیکٹر پر کورونا وبا کے اثرات کی وجہ سے 25 سے زائد سیکٹرز پر سیلز ٹیکس کی شرح میں فنانس ایکٹ 2020ء کے تحت کمی کی گئی تھی مگر اس کے باوجود ٹیکس اہداف میں سٹیک ہولڈرز کے ساتھ اشتراک کی پالیسی کے تحت اضافہ ہوا۔