پشاور: خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی (کے پی آر اے) نے مالی سال 2020-21ء کے محصولات اور دیگر اہداف کو کامیابی سے مکمل کر لیا۔
کے پی ریونیو اتھارٹی نے مالی سال 2019-20ء کے مقابلے میں 21.6 فیصد اضافی ٹیکس جمع کرکے مالی سال 2020-21ء میں 20.8 ارب روپے کا ہدف کامیابی سے حاصل کر لیا۔
یاد رہے کے گزشتہ مالی سال اتھارٹی کو صوبائی حکومت نے 20 ارب روپے ٹیکس جمع کرنے کا ہدف سونپا تھا تاہم اتھارٹی نے نہ صرف ٹیکس ہدف حاصل کیا بلکہ دئیے گئے ہدف سے 80 کروڑ روپے زائد ٹیکس جمع کیا گیا۔
اس دوران کورونا وبا کی وجہ سے ابتر صورت حال کے باوجود نہ صرف کے پی ریونیو اتھارٹی کے صوبائی ہیڈ کوارٹرز نے اپنے ٹیکس اور نان ٹیکس ہدف کو حاصل کیا بلکہ اس کے ریجنل آفسز مردان نے 80 کروڑ روپے، نارتھ ریجن نے 92 کروڑ 80 لاکھ روپے اور سائوتھ ریجن نے 1.5 ارب روپے تک ٹیکس جمع کیے۔
یہ بھی پڑھیے:
خیبرپختونخوا : کرپشن کے خاتمے کیلئے گندم کے ترسیلی نظام کو ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ
ہری پور میں مشروب ساز کمپنی کے صنعتی یونٹ کا سنگ بنیاد، حطار میں نئے سٹیل پلانٹ کا افتتاح
خیبرپختونخوا: سپیشل اکنامک زونز اتھارٹی کیلئے ایس اوپیز منظور، مہمند ماربل سٹی کے قیام کا فیصلہ
اس کے علاوہ اتھارٹی نے امسال انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سیس کے شعبہ میں دیئے جانے والے ہدف 1300 ملین کے مقابلہ میں 1410 ملین تک کے محاصل اکھٹے کیے۔
ڈائریکٹر جنرل کے پی ریونیو اتھارٹی فیاض علی شاہ نے ٹیکس ہدف سے زائد محصولات جمع کرنے پر اتھارٹی کے اہلکاروں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال صوبائی حکومت نے سروسز سے وابستہ 28 شعبوں پر ٹیکس 2 سے 15 فیصد تک کم کر دیا تھا جس کی وجہ سے کاروباری برادری نے حکومت اور اتھارٹی پر اعتماد کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود کو رجسٹرڈ کروایا بلکہ باقاعدگی کے ساتھ گوشوارے اور ٹیکس بھی جمع کروایا۔
کے پی ریونیو اتھارٹی نے ٹیکس جمع کرنے کے علاوہ ٹیکس دہندگان کی رجسٹریشن میں اضافہ کرتے ہوئے مختلف شعبہ جات میں 15 ہزار تک افراد اور کمپنیوں کی رجسٹریشن مکمل کی۔
اس کے علاوہ صوبائی حکومت کی جانب سے بزنس کمیونٹی کے لئے آسانیاں پیدا کرانے کی پالیسی اور ہدایت پر اتھارٹی نے حطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں ٹیکس دہندگان کیلئے خصوصی آفس بھی قائم کیا۔