اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد کیلئے ٹینڈر کھولنے کی منظوری دے دی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس سوموار کو وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزارت صنعت و پیداوار کی 25 جون 2021ء کو ایک لاکھ ٹن چینی کی درآمد کیلئے ٹینڈر کھولنے کی سمری کی منظوری دی گئی۔
سال 2021-22ء کی کپاس کی فصل کی امدادی قیمت کے حوالہ سے وفاقی وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی تجویز پر ای سی سی نے ایک کمیٹی قائم کر دی جو کپاس کی امدادی قیمت مقرر کرنے کے حوالہ سے 15 یوم میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
یہ بھی پڑھیے:
تاریخی پیداوار کے باوجود مزید 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری
سٹریٹجک ذخائر برقرار رکھنے کیلئے 30 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری
وزارت سمندری امور کی سمری پر اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت پٹرولیم، وزارت خزانہ اور پاکستان سٹیٹ آئل کو ہدایت کی کہ وہ نیشنل شپنگ کارپوریشن کے غیر ادا شدہ واجبات کی ادائیگی کیلئے نظام الاوقات مقرر کریں۔
ای سی سی نے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ذریعہ 5 ضروری اشیاء پرعمومی سبسڈی میں توسیع کی سمری پر یکم جولائی سے 15 یوم کی توسیع کی اجازت دے دی، اس ضمن میں ایک کمیٹی بھی قائم کی گئی جو 15 دنوں میں مستقبل کے لائحہ عمل کا تعین کرے گی۔
پاور ڈویژن کی جانب سے بجلی کے خالص منافع کی غیر ادا شدہ رقم کی سمری پر اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاور ڈویژن اور وزارت خزانہ کو دو ہفتوں میں واپڈا کی جانب سے مالیاتی تقاضوں کے ممکنہ آپشنز اور حل پر مبنی تجاویز اور سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کر دی۔
اجلاس میں ہوابازی ڈویژن کیلئے ایک کروڑ روپے، این ایس پی پی لاہور کیلئے 7 کروڑ 38 لاکھ روپے، پاکستان اکیڈمی فار رُورل ڈویلپمنٹ پشاور کیلئے دو کروڑ 7 لاکھ روپے، مختلف دفاتر کیلئے تخفیف تفاوت الائونس کے ضمن میں ایک ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی
اسی طرح بین الصوبائی رابطہ ڈویژن کیلئے 16.706 ارب روپے، فرنٹئیر کور بلوچستان جنوبی کیلئے وزارت داخلہ کو ایک ارب ایک کروڑ 21 لاکھ روپے، امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کیلئے 1.6 ارب روپے، ایف بی آر کیلئے 45 کروڑ 66 لاکھ روپے کی ضمنی گرانٹ منظوری کی گئی۔
اجلاس میں وزارت خارجہ کیلئے 2 ارب روپے، وزارت تجارت کے ٹیکسٹائل وِنگ کیلئے 8 ارب روپے اور وزارت منصوبہ بندی کیلئے 5 ارب 80 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔