تاریخی پیداوار کے باوجود مزید 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری

639

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے ملک میں گندم کی مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں کئی دیگر فیصلوں کے علاوہ بیرون ملک سے دس لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بتایا کہ  اس مرتبہ ملک میں گندم کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے تاہم اس کے باوجود درآمد کرنے کی منظوری اس وجہ سے دی گئی ہے کیوں کہ ہماری آبادی تیزی سے بڑھنے کی وجہ سے ضرورت بڑھ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: سٹریٹجک ذخائر برقرار رکھنے کیلئے 30 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ ہمارے ملک کی آبادی بڑھنے کی رفتار اتنی تیز ہے کہ فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہونے کے باوجود ہماری ضرورت بڑھ رہی ہے۔

اس سے قبل 16 جون کو اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی درخواست پر 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی درآمد کی منظوری دی تھی تاہم اس کے لئے پیپرا بورڈ سے منظوری لینا ضروری قرار دیا تھا، اس اقدام کا مقصد ملک میں گندم کے سٹریٹجک ذخائر کو برقرار رکھنا بتایا گیا تھا۔

یاد رہے کہ 29 مئی کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ و تحقیق سید فخر امام نے بتایا تھا کہ رواں سال پاکستان میں 27.3 ملین ٹن گندم کی تاریخی پیداوار ہوئی ہے جو گزشتہ سال کی 25.3 ملین ٹن سے 2 ملین ٹن اضافی ہے۔

تاہم انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں گندم کی پیداوار میں مجموعی طور پر بہتری آئی ہے لیکن اس سال بھی کچھ گندم درآمد کی جائے گی تاکہ کچھ ذخائر رکھے جا سکیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here