اٹلی میں مقیم پاکستانی محنت کشوں کی ترسیلات زر میں 65.8 فیصد کا نمایاں اضافہ

جولائی 2020ء سے لے کر مئی 2021ء تک کی مدت میں اٹلی میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم 53 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا، سٹیٹ بینک

171

اسلام آباد: اٹلی میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں کی ترسیلات زر میں رواں مالی سال 2020-21ء کے 11 ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 65.8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2020ء سے لے کر مئی 2021ء تک کی مدت میں اٹلی میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم 53 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

ترسیلات زر کی یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے 11 ماہ کے مقابلہ میں 65.8 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال میں جولائی 2019ء سے لے کر مئی 2021ء تک کی مدت میں اٹلی میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں کی ترسیلات زر کا حجم 32 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہا تھا۔

مئی 2021ء میں اٹلی میں کام کرنے والے پاکستانی شہریوں نے پانچ کروڑ 34 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جبکہ گزشتہ سال مئی میں یہ حجم 2 کروڑ 65 لاکھ ڈالر رہا تھا۔

یہ بھی پڑھیے:

جرمنی سے پاکستان کو 38 کروڑ ڈالر سے زائد ترسیلات زر موصول

یورپی یونین سے ترسیلات زر میں 55.4 فیصد اضافہ، 2 ارب 43 کروڑ ڈالر موصول

غیرملکی سرمایہ کاروں کی ترسیلات زر سے متعلق سٹیٹ بینک کے اقدامات کی تعریف

آئی ٹی کی ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ، سالانہ شرح نمو جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ رہی

واضح رہے کہ جاری مالی سال کے 11 ماہ میں سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 29.4 فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

سٹیٹ بینک کے مطابق جولائی 2020ء سے لے کر مئی 2021ء تک کے دوران سمندر پاکستانیوں نے مجموعی طور پر 26 ارب 73 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے 11 ماہ 20 ارب 65 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ارسال کیا تھا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق ترسیلات زر کے حوالے سے سعودی عرب سب سے بڑے ملک کے طور پر سامنے آیا جہاں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے مالی سال کے 11 ماہ سات ارب ایک کروڑ ڈالر سے زائد زرمبادلہ پاکستان ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 19.5 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے 11 ماہ کے دوران سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے مجموعی طور پر پانچ ارب 86 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) دوسرا ملک رہا جہاں مقیم پاکستانیوں نے رواں مالی سال  کے 11 ماہ میں پانچ ارب 88 کروڑ 80 لاکھ ڈالر پاکستان بھیجے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے پانچ ارب 9 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سے 97 لاکھ ڈالر زیادہ ہیں۔

اسی طرح برطانیہ سے گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں ترسیلات زر میں 66.6 فیص اضافہ ہوا، رواں مالی سال کے 11 ماہ میں برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے تین ارب 69 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ارسال کیا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں دو ارب 21 کروڑ 90 لاکھ ڈالر بھیجے تھے۔

امریکا ترسیلات زر کے حوالہ سے چوتھا بڑا ملک رہا جہاں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں دو ارب 47 کروڑ 70 لاکھ ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 58.1 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کے 11 میں امریکا سے ترسیلات زر کا حجم ایک ارب 56 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہا تھا۔

موجودہ حکومت کی جانب سے قانونی اور بینکنگ ذرائع سے ترسیلات زر کی حوصلہ افزائی کیلئے سہولیات اور اقدامات کے نتیجہ میں ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور رواں مالی سال کے اختتام تک ترسیلات زر کے  حجم کا اندازہ 28 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here