جرمنی سے پاکستان کو 38 کروڑ ڈالر سے زائد ترسیلات زر موصول

جولائی 2020ء سے مئی 2021ء تک جرمنی میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں کی ترسیلات زر میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 12.2 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا: سٹیٹ بینک

205

اسلام آباد: جرمنی میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں کی ترسیلات زرمیں جاری مالی سال کے 11 ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 12.2 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2020ء سے لے کر مئی 2021ء تک کی مدت میں جرمنی میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے 38 کروڑ 66 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا۔

ترسیلات زر کی یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے 11 ماہ کے مقابلے میں 12.2 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال جولائی 2019ء سے لے کر مئی 2021ء کے دوران جرمنی میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے 34 کروڑ 47 لاکھ ڈالر ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔

مئی 2021ء میں جرمنی میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم تین کروڑ 65 لاکھ ڈالر رہا جبکہ گزشتہ سال مئی میں جرمنی میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے تین کروڑ 39 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔

واضح رہے کہ رواں مالی سال 2020-21ء کے 11 ماہ کے دوران سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں مجموعی طور پر 29.4 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

سٹیٹ بینک کے مطابق جولائی 2020ء سے لے کر مئی 2021ء تک کے دوران سمندر پاکستانیوں نے مجموعی طور پر 26 ارب 73 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے 11 ماہ 20 ارب 65 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ارسال کیا تھا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق ترسیلات زر کے حوالے سے سعودی عرب سب سے بڑے ملک کے طور پر سامنے آیا جہاں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے مالی سال کے 11 ماہ سات ارب ایک کروڑ ڈالر سے زائد زرمبادلہ پاکستان ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 19.5 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے 11 ماہ کے دوران سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے مجموعی طور پر پانچ ارب 86 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) دوسرا ملک رہا جہاں مقیم پاکستانیوں نے رواں مالی سال  کے 11 ماہ میں پانچ ارب 88 کروڑ 80 لاکھ ڈالر پاکستان بھیجے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے پانچ ارب 9 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سے 97 لاکھ ڈالر زیادہ ہیں۔

اسی طرح برطانیہ سے گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں ترسیلات زر میں 66.6 فیص اضافہ ہوا، رواں مالی سال کے 11 ماہ میں برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے تین ارب 69 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ارسال کیا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں دو ارب 21 کروڑ 90 لاکھ ڈالر بھیجے تھے۔

امریکا ترسیلات زر کے حوالہ سے چوتھا بڑا ملک رہا جہاں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں دو ارب 47 کروڑ 70 لاکھ ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 58.1 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کے 11 میں امریکا سے ترسیلات زر کا حجم ایک ارب 56 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہا تھا۔

موجودہ حکومت کی جانب سے قانونی اور بینکنگ ذرائع سے ترسیلات زر کی حوصلہ افزائی کیلئے سہولیات اور اقدامات کے نتیجہ میں ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور رواں مالی سال کے اختتام تک ترسیلات زر کے  حجم کا اندازہ 28 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here