اسلام آباد: سندھ ریونیو بورڈ (ایس آر بی) کے ٹیکس محصولات میں مئی 2021ء کے دوران 52 فیصد اور رواں مالی سال کے 11 ماہ کے دوران 19 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سندھ ریونیو بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مئی 2020ء کے دوران چھ ارب 73 کروڑ 40 لاکھ روپے کی ٹیکس وصولی کی گئی تھی تاہم مئی 2021ء کے دوران ٹیکس محصولات 10 ارب 26 کروڑ 10 لاکھ روپے تک پہنچ گئے۔
یہ بھی پڑھیے:
ایف بی آر: ٹیکس گوشواروں کی تعداد 11.4 فیصد، محصولات میں 55 فیصد اضافہ
پنجاب ریونیو اتھارٹی نے 125 ارب کا سالانہ ٹیکس ہدف 11 ماہ میں ہی مکمل کر لیا
ایف بی آر: 11 ماہ میں ٹیکس محصولات میں 18 فیصد اضافہ، 4170 ارب روپے جمع
اس طرح مئی 2020ء کے مقابلہ میں مئی 2021ء کے دوران سندھ ریونیو بورڈ کی ٹیکس وصولیوں میں تین ارب 52 کروڑ 70 لاکھ روپے یعنی 52 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سندھ ریونیو بورڈ کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال 2020-21ء کے 11 ماہ (جولائی تا مئی) کے دوران ٹیکس محصولات کا حجم 108 ارب 68 کروڑ 60 لاکھ روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے 11 ماہ (جولائی تا مئی) کے عرصہ میں 91 ارب 19 کروڑ 80 لاکھ روپے رہا تھا۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے 11 ماہ کے دوران ایس آر بی کے ٹیکس محصولات میں 17 ارب 48 کروڑ 80 لاکھ روپے یعنی 19 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔