9 ماہ میں قیمتی پتھروں اور جیولری کی برآمدات سے تقریباََ 2 ارب روپے آمدن

جولائی 2020ء سے لے کر مارچ 2021ء تک کی مدت میں قیمتی پتھروں کی برآمدات میں 67 فیصد اور جیولری کی برآمدات میں 103 فیصد اضافہ ہوا، شماریات بیورو

149

اسلام آباد: رواں مالی سال کے 9 ماہ کے دوران قیمتی پتھروں کی برآمدات میں 67.38 فیصد اور زیورات کی برآمدات میں 103 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2020ء سے لے کر مارچ 2021ء کے دوران قیمتی پتھروں کی برآمدات سے 58 لاکھ 50 ہزار ڈالر (90 کروڑ 78 لاکھ 84 ہزار900 روپے) زرمبادلہ کمایا گیا۔

گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے ابتدائی 9 ماہ (جولائی تا مارچ) کے دوران قیمتی پتھروں کی برآمدات سے 34 لاکھ 95 ہزار ڈالر (54 کروڑ 24 ہزار روپے) زرمبادلہ کمایا گیا تھا، اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں سال کے ابتدائی نو مہینوں میں قیمتی پتھروں کی برآمدات میں 23 لاکھ 55 ہزار ڈالر (36 کروڑ 54 لاکھ 81 ہزار روپے) یعنی 67.38 فیصد نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

قیمتی پتھروں کی برآمدات سے پاکستان سالانہ 32 ارب ڈالر کما سکتا ہے

اٹلی کا گلگت بلتستان میں قیمتی پتھروں سے متعلق تربیتی ادارہ قائم کرنے کا عندیہ

واضح رہے کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات قیمتی پتھروں کے ذخائر سے مالا مال ہیں تاہم ان علاقوں میں انفراسٹرکچر نہ ہونے کے باعث رسائی آسان نہیں، پھر ٹیسٹنگ لیبارٹریز نہ ہونے کی وجہ سے بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

برما کے بعد دنیا میں صرف پاکستان کا ہنزہ وہ علاقہ ہے جہاں سرخ یاقوت کے وافر ذخائر موجود ہیں۔ دنیا میں بہترین اور نایاب زمرد سوات کی دلکش وادی میں کان کنی کے ذریعے نکالا جاتا ہے۔

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے قیمتی پتھروں کی سالانہ برآمدات کے ذریعے پاکستان 32 ارب ڈالر کا زرمبادلہ کما  سکتا ہے لیکن اس کیلئے ضروری ہے مذکورہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کی سہولیات کو بہتر بنایا جائے اور عالمی معیار کی ٹیسٹنگ لیبارٹریاں قائم کی جائیں۔

دوسری جانب ادارہ برائے شماریات کے  مطابق جاری مالی سال کے 9 ماہ کے دوران پاکستان سے زیورات کی برآمدات میں 103 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔

پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال جولائی تا مارچ 2019-20ء کے دوران جیولری کی برآمدات کا حجم 32 لاکھ 16 ہزار (49 کروڑ 91 لاکھ روپے) ڈالر رہا تھا تاہم رواں مالی سال جولائی تا مارچ 2020-21ء کے دوران جیولری کی برآمدات کی مالیت 65 لاکھ 44 ہزار ڈالر (ایک ارب ایک کروڑ 55 لاکھ 89 ہزار 536 روپے) تک بڑھ گئی۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں کے دوران زیورات کی ملکی برآمدات میں 33 لاکھ 28 ہزار ڈالر (51 کروڑ 64 لاکھ 85 ہزار 632 روپے) یعنی 103.48 فیصد نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here