رواں سال ایک ہزار سی سی سے کم پاور کی کتنے ہزار گاڑیاں فروخت ہوئیں؟

643

اسلام آباد: جاری مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں ایک ہزار سی سی سے کم پاور کی موٹر کاروں کی فروخت میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

آل پاکستان آٹومینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں ملک میں ایک ہزار سی سی سے کم  پاور کی 35 ہزار 536 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیے:

پاکستان میں کاریں بنانے والی تین بڑی کمپنیوں نے 8 سالوں میں کتنا ٹیکس دیا؟

آٹو سیکٹر میں تیزی، 9 ماہ میں 14 لاکھ سے زائد موٹرسائیکل، ایک لاکھ سے زائد کاریں فروخت

یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کی پہلی تین سہ ماہیوں کے مقابلہ میں 4.13 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پاکستان میں ایک ہزار سی سی سے کم پاور کی 34 ہزار 125 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔

رواں مالی سال کے 9 ماہ کے دوران سوزوکی آلٹو کے سب سے زیادہ 29 ہزار 38 یونٹس  اور سوزوکی بولان کے چھ ہزار 498 یونٹس فروخت ہوئے۔ سوزوکی مہران کے حوالے سے اعدادوشمار جاری نہیں کیے گئے۔

آل پاکستان آٹومینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں پاکستان میں ایک ہزار سی سی سے کم پاور کی موٹر کاروں کی 31 ہزار 774 یونٹس پیداوار ہوئی۔

یہ شرح گزشتہ مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں کے مقابلہ میں کم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں ایک ہزار سی سی سے کم پاور کے 37 ہزار 605 یونٹس کاروں کی پیداوار ہوئی تھی۔

دوسری جانب رواں مالی سال پاکستان میں کاروں کی فروخت میں 31 فیصد اضافہ ہوا، پاکستان آٹو موبائل ایسوسی ایشن کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لیکر مارچ 2021ء تک کی مدت میں ملک میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 12 ہزار244 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔

یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے ابتدائی 9 ماہ کے مقابلہ میں 31 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں کل 85 ہزار 330 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔

اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2021ء کے پہلے 9 ماہ میں جیپوں کی فروخت میں 157.6 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد چھوٹی کمرشل گاڑیاں/ پک اپ کی فروخت میں 41.4 فیصد، ٹریکٹر 57.2 فیصد اور دو یا تین پہیوں والی سواری کی فروخت میں 22 فیصد کا اضافہ ہوا۔

جاری مالی سال 2020-21ء کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران گزشتہ مالی مال کی اسی مدت کے مقابلہ میں ملک میں موٹرسائیکلوں اور رکشوں (تھری ویلرز) کی فروخت میں 21.70 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

آل پاکستان آٹوموبائل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2020ء سے لے کر مارچ 2021ء  تک کی مدت میں ملک میں 14 لاکھ 38 ہزار 194 یونٹس موٹرسائیکل اور رکشے فروخت ہوئے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here